تلنگانہ

پوکسو کیس کے ملزم بَنڈی بھگیرتھ کو ضمانت مل گئی – تلنگانہ ہائی کورٹ کا فیصلہ

حیدرآباد: مرکزی وزیر بندی سنجے کمار کے بیٹے بھگیرتھ کو پوکسو کیس میں راحت مل گئی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے انہیں کچھ شرائط کے ساتھ ضمانت منظور کرتے ہوئے تفتیش میں مکمل تعاون کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 

بھگیرتھ کے خلاف حیدرآباد کے پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے 16 مئی کو انہیں گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔

 

ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران بھگیرتھ کے وکیل ٹی۔ نرنجن ریڈی نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل ایک طالب علم ہے اور 45 دن سے زائد عرصہ جیل میں رہنے کے باعث اس کی تعلیم اور مستقبل متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر معاملہ باہمی رضامندی سے پیش آیا ہو تو ایسے معاملات میں مقدمہ برقرار نہیں رہتا، اور اس سلسلے میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے کئی فیصلوں کا حوالہ بھی دیا۔ وکیل نے یقین دلایا کہ ضمانت ملنے کی صورت میں بھگیرتھ عدالت کی تمام شرائط پر عمل کریں گے۔

 

دوسری جانب پبلک پراسیکیوٹر پلے ناگیشور راؤ نے کہا کہ مقدمے کی تفتیش تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور مقررہ مدت میں چارج شیٹ داخل کر دی جائے گی۔ انہوں نے عدالت سے کہا کہ اس مرحلے پر ضمانت دی گئی تو گواہوں پر اثر انداز ہونے کا خدشہ ہے۔

 

فریقین کے دلائل سننے کے بعد جسٹس کے۔ سوجنا نے پہلے فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ اب ہائی کورٹ نے بھگیرتھ کو مشروط ضمانت دیتے ہوئے تفتیش میں تعاون کی ہدایت کے ساتھ رہائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button