تلنگانہ

جاری اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن  عمل میں عوامی بیداری اور وسیع تر شمولیت وقت کی اہم ترین ضرورت: اے پی سی آر تلنگانہ کی پریس کانفرنس

جاری اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن  عمل میں عوامی بیداری اور وسیع تر شمولیت وقت کی اہم ترین ضرورت: اے پی سی آر تلنگانہ کی پریس کانفرنس

 

کرناٹک کی طرز پر تلنگانہ میں بھی ‘فوری رہائشی سرٹیفکیٹ’ جاری کیا جائے، وزیرِ اعلیٰ سے پرزور مطالبہ

 

*ڈاکٹر شیخ محمد عثمان اور جناب محمد کلیم الدین کی میڈیا سے بات چیت*

 

ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) تلنگانہ کے زیرِ اہتمام مہدی پٹنم میں واقع ریاستی دفتر میں ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پریس کانفرنس سے اے پی سی آر تلنگانہ کے ریاستی سکریٹری ڈاکٹر شیخ محمد عثمان اور لیگل انچارج جناب محمد کلیم الدین نے تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے ریاست میں جاری اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن (SIR) عمل کی اہمیت، نزاکت اور حساسیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عوام، سماجی کارکنان اور حکومت کے لیے ایک جامع لائحہ عمل اور اہم مطالبات پیش کئے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شیخ محمد عثمان نے حکومتِ تلنگانہ اور بالخصوص وزیرِ اعلیٰ اے ریونت ریڈی سے پرزور اپیل کی کہ وہ جاری ایس آئی آر عمل کو عوامی مفاد میں آسان بنائیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاست کرناٹک میں عوام کی سہولت کے لیے ‘فوری رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا ایک بہترین اور تیز رفتار نظام قائم کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے وہاں کے عوام کو دستاویزی چیلنجز سے بڑی راحت ملی ہے۔ اے پی سی آر پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ اسی طرز پر تلنگانہ میں بھی فوری طور پر یہ سہولت روبہ عمل لائی جائے تاکہ وہ تمام غریب اور ضرورت مند شہری جن کے پاس فی الوقت مکمل دستاویزات کی کمی ہے، وہ قانونی طور پر راحت پا سکیں اور اس اہم جمہوری عمل کا حصہ بن سکیں

 

۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ حکام کو اس ضمن میں فوری احکامات جاری کریں۔لیگل انچارج جناب محمد کلیم الدین نے فیلڈ میں سرگرمِ عمل والینٹرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف چیلنجز اور زمینی مشکلات کے باوجود والینٹرز جس ثابت قدمی، اعتماد اور عزم کے ساتھ عوامی خدمت میں مصروف ہیں، وہ قابلِ ستائش ہے

 

۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات، دانشوروں، این جی اوز، طلبہ، پروفیشنلز اور دینی و سماجی قائدین سے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں گھروں سے نکل کر میدانِ عمل میں آنا اور شہریوں کی رہنمائی کرنا وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے۔ عوامی بیداری، مؤثر عوامی شمولیت، اور اجتماعی ذمہ داری ہی اس مہم کو کامیاب بنا سکتی ہے۔اے پی سی آر نے پریس کانفرنس کے ذریعے درج ذیل امور پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی ہے کہ تمام باشعور شہری بڑی تعداد میں آگے آئیں اور اپنے اپنے علاقوں میں شہریوں کی SIR عمل کے حوالے سے درست رہنمائی کریں۔عوام کو فارم درست طریقے سے بھرنے اور مقررہ مدت کے اندر تمام کارروائی مکمل کروانے میں مدد فراہم کی جائے۔بزرگ شہریوں، خواتین، یومیہ مزدوروں، معذور افراد اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے پسماندہ طبقات تک خصوصی طور پر پہنچ کر ان کا تعاون کیا جائے۔مقامی سطح پر آگاہی مہم، ہیلپ ڈیسک اور گھر گھر رابطہ (ڈور ٹو ڈور کیمپین) کا اہتمام کیا جائے۔

 

سوشل میڈیا کے ذریعے صرف مستند اور قانونی معلومات عام کی جائیں اور افواہوں یا غلط معلومات کی مؤثر تردید کی جائے۔پورے عمل کے دوران پُرامن، منظم، قانونی اور ذمہ دارانہ عوامی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔جناب محمد کلیم الدین نے اس موقع پر بتایا کہ اگر کسی شہری کو SIR عمل کے سلسلے میں رہنمائی یا مدد درکار ہو تو وہ اے پی سی آر تلنگانہ SIR کال سینٹر سے ہیلپ لائن نمبر 04035089441 پر

اوقاتِ کار روزانہ صبح 9:00 بجے سے رات 9:00 بجے تک کال کرکے رہنمائی حاصل کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button