نرمل میں اردو میڈیم اساتذہ کا تین روزہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر، تدریسی معیار بہتر بنانے پر زور

نرمل، 18 جولائی (ایم۔ اے۔ وحید): ضلع مستقر کے گورنمنٹ جمعرات پیٹ ہائی اسکول میں اردو میڈیم کے برسرِ خدمت اساتذہ کے لئے منعقدہ تین روزہ مربوط تربیتی پروگرام ہفتہ کے روز کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اس تربیتی پروگرام میں ضلع بھر کے مختلف سرکاری اسکولوں کے تقریباً 50 فیصد اساتذہ نے شرکت کرتے ہوئے اردو، انگریزی اور ریاضی مضامین کی جدید تدریسی حکمتِ عملی، فعال تدریس اور طلبہ کی تعلیمی استعداد میں بہتری سے متعلق تربیت حاصل کی۔
تربیتی پروگرام میں ڈاکٹر ساجد معراج، مبین احمد، سید مظہر حسین اور عقیل احمد نے بطور ڈسٹرکٹ ریسورس پرسنز (DRPs) خدمات انجام دیتے ہوئے مختلف تدریسی سرگرمیوں اور عملی مشقوں کے ذریعے اساتذہ کی رہنمائی کی۔
اختتامی تقریب کے موقع پر اکیڈمک مانیٹرنگ آفیسر نرسیا نے تربیتی مرکز کا دورہ کرتے ہوئے پروگرام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تربیت کے دوران حاصل ہونے والی مہارتوں کو کلاس روم میں مؤثر انداز سے بروئے کار لایا جائے تاکہ بالخصوص غریب اور پسماندہ طلبہ کے تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے تدریسی عمل میں طلبہ کی فعال شمولیت، انفرادی توجہ اور جدید تدریسی طریقوں کو اختیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر انہوں نے اردو پینل انسپکشن ٹیم کی تشکیل کے سلسلے میں میوا (MEWA) کی جانب سے پیش کی گئی نمائندگی پر غور کرنے اور اس ضمن میں مثبت اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اساتذہ نے تربیتی پروگرام کے کامیاب انعقاد اور بہترین انتظامات پر ضلع مہتمم تعلیمات سے اظہارِ تشکر کیا۔
اس سے قبل عبدالاحد، جاوید احمد، سلیم احمد خان، عبدالجبار، واجد احمد، اطہر احمد اور دیگر اساتذہ نے اکیڈمک مانیٹرنگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ ریسورس پرسنز کی شال پوشی کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔




