انڈین کمیونٹی کی جانب سے سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان کی شاندار الوداعی تقریب


کے این واصف
مملکت سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان کو جمعہ کے روز ہندوستانی کمیونٹی نے ایک پروقار تقریب میں الوداع کہا۔ واضح رہے کہ 1997 بیچ کے IFS ڈاکٹر خان کی معیاد مکمل ہونے پر ان تبادلہ عمل میں آیا ہے اور اب وہ وزارت خارجہ ہند نئی دہلی میں خدمات انجام دیں گے۔
سفیر ہند کی اس شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام آل انڈیا اسٹیرنگ کمیٹی نے کیا تھا۔ اس موقع پر نائب سفیر ہند ابو ماتھن جارج اور کمیونٹی قائدین جن میں پرواسی بھارتیہ سمّان یافتہ شہاب کٹّوکاڈ، ڈاکٹر سید انور خورشید نیز کمیونٹی لیڈرز نیاز احمد، محمد مبین، ایم کے کنکال، ریول انتھونی، ڈاکٹر مصباح العارفین، غلام محمد خان، سنتوش شٹّی نے بھی خطاب کیا
اور ڈاکٹر سہیل کی بہترین خدمات کا اعتراف کیا۔ ابتداء میں کنوینر اسٹیرنگ کمیٹی محمدضیغم خان نے خیرمقدم کیا۔ ضیغم خان نے اسٹیرنگ کمیٹی کی کارکردگی، اس سے سماجی تنظیمون کے تعاون کی ستائش کی اور ڈاکٹر سہیل اعجاز خان کی معیاد کو ایک کامیاب ترین دور سے تعبیر کیا۔ واضح رہے کہ اسٹیرنگ کمیٹی ریاض کے سارے سماجی تنظیموں کی نمائندگی کرتی ہے۔
سفیر ہند کی اس وداعی تقریب کی سفارت خانے کے X اکاؤنٹ پر جاری مختصر روداد کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے مملکت میں کمیونٹی کے فلاحی تنظیمون کی رضاکارانہ خدمات، مملکت میں انڈین کلچر کے فروغ، بین ممالک تعلقات کے استحکام میں ان کے اہم رول کی بہترین الفاظ میں ستائش کی۔ سفیر ہند نے مملکت میں انڈین بزنس کمیونٹی کے تجارتی تعلقات کے فروغ میں بہترین کردار کو بھی سراہا۔
ڈاکٹر خان نے آخر میں انڈین ایمبیسی ریاض کی جانب سے ہندوستانی کمیونٹی کی خدمت کے سلسلہ کو ہمیشہ کی طرح انہماک اور دیانت داری سے پورا کرتے رہنے کے عزم کا تیقن دیا۔ آل انڈیا اسٹیرنگ کمیٹی ریاض کے کنوینر انجینئر محمد ضیغم خان کے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق الوداعی تقریب شایاںِ شان انداز میں ہالیڈے ان، القصر اولیّا ریاض میں منائی گئی جس میں انڈین کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محمد ضیغم خان نے خیرمقدم کیا اور انڈین کمیونٹی کی فلاحی تنظیمون کے اراکین اور سرکردہ شخصیات نے اپنے خطاب میں سفارتخانہ ہند ریاض کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے انڈین کمیونٹی کا سچّے جذبہ کے ساتھ خدمات جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ سینئر این آر آئی عبدالاحد صدیقی کے ہدیہ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔



