تلنگانہ ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ۔ صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈس کی مدت 3 اگست 2026 تک برقرار

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (TUWJF) کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے موجودہ صحافتی ایکریڈیشن کارڈس کی معیاد 3 اگست 2026 تک بڑھانے کا حکم جاری کیا ہے۔
درخواست گزار فیڈریشن کی جانب سے سینئر وکیل برکت علی خان نے عدالت میں مؤثر دلائل پیش کیے۔سماعت کے دوران عدالت نے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت تک تمام موجودہ ایکریڈیشن کارڈز بدستور کارآمد رہیں گے، تاکہ منظور شدہ صحافی سرکاری سطح پر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دے سکیں۔
عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت دی کہ جن صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈز کی توسیع کی درخواست کی گئی ہے، ان کی مکمل فہرست عدالت میں پیش کی جائے۔عدالت نے ریکارڈ پر نوٹ کیا کہ یہی فہرست 15 جولائی 2026 کو محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (I&PR) کو بھی جمع کرائی جا چکی ہے، لہٰذا اسی کی نقل عدالت میں بھی داخل کی جائے۔
ہائی کورٹ نے اس مقدمے کی آئندہ سماعت 3 اگست 2026 مقرر کی ہے۔



