تلنگانہ

حیدرآباد سے لندن جانے والی پرواز میں سنسنی۔ 30 ہزار فٹ کی بلندی پر برٹش ایئرویز کے تینوں پائلٹ بیمار

حیدرآباد: حیدرآباد سے لندن جانے والی برٹش ایئرویز کی ایک پرواز میں دورانِ پرواز تین پائلٹ اچانک بیمار ہو گئے۔ جب طیارہ تقریباً 30 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا تو ایک پائلٹ کی حالت بگڑنے پر انہیں آکسیجن فراہم کرنی پڑی۔

 

اس واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایئرلائن نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برٹش ایئرویز کی پرواز BA276 حیدرآباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

 

ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد ایک پائلٹ کی طبیعت اس قدر خراب ہو گئی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے قابل نہ رہے۔ اس وقت طیارہ تقریباً 30 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا۔

 

سانس لینے میں دشواری کے باعث انہیں آکسیجن دی گئی۔اسی دوران دیگر دو پائلٹ بھی معمولی طور پر بیمار ہو گئے تاہم انہوں نے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں اور طیارے کو بحفاظت لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اتار دیا۔

 

اطلاعات کے مطابق سفر کے دوران ان کی صحت مزید متاثر ہوئی تھی۔اس واقعے پر برٹش ایئرویز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا "ہمارے ملازمین کی صحت اور فلاح ہماری اولین ترجیح ہے۔

 

اسی کے ساتھ مسافروں کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پائلٹس کو پیش آنے والی اس صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔”بعد ازاں تینوں پائلٹس کو مناسب طبی امداد فراہم کی گئی۔

 

اطلاعات کے مطابق انہوں نے پرواز سے قبل حیدرآباد کے ایک ہوٹل میں ناشتہ کیا تھا اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ فوڈ پوائزننگ (خوراک میں زہریلے اثرات) اس واقعے کی وجہ ہو سکتی ہے مزید تحقیقات جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button