احتجاجی طلباء کے نام فلم اداکار کمل ہاسن کا پیغام

نئی دہلی:اس وقت نیٹ امتحان سے متعلق طلبہ کے احتجاج کا معاملہ ملک بھر میں شدید بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں معروف اداکار کمل ہاسن نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
طلبہ کو درپیش مشکلات پر انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے۔انہوں نے لکھا
"کاش ہم ایک طالب علم کی فریاد ہی سن لیتے لیکن ہم نے اس وقت تک انتظار کیا جب تک کئی بچے اپنی جانیں نہ گنوا بیٹھے۔ تعلیم کی جگہ کوچنگ نے لے لی سیکھنے کے شوق کی جگہ بے چینی نے اور صلاحیت کی جگہ مجرمانہ ذہنیت نے اور اس کے نتیجے میں پورا نظام بوسیدہ ہو چکا ہے۔
سوالوں کے جواب دینے کے بجائے ہم اپنے بچوں کا سامنا رکاوٹوں اور لاٹھیوں سے کر رہے ہیں۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ نظام ناکام ہو چکا ہے۔”طلبہ کے نام اپنے پیغام میں کمل ہاسن نے کہا "آپ نے اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ملک اپنی ذمہ داری ادا کرے۔
آپ کے خواب ہمیشہ حکومت کی ناکامیوں سے بڑے اور مضبوط رہنے چاہیے۔”اسی دوران کمل ہاسن نے نیٹ پرچہ لیک معاملے کے خلاف احتجاج کرنے والے معروف ماہرِ ماحولیات سونم وانگچک سے بھی اپنی بھوک ہڑتال کرنے کی اپیل کی۔



