"دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دینا ہوگا” حکومت نے مانگا کل دوپہر تک کا وقت۔ حکومت سے مذاکرات کے بعد سی جے پی کے ترجمان کا بیان

نئی دہلی: کاکروچ جنتا پارٹی کے نمائندوں اور مرکزی وزراء کے درمیان کانسٹی ٹیوشن کلب میں ہونے والے مذاکرات مکمل ہو گئے۔ ملاقات کے بعد سی جے پی کے ترجمان آشوتوش رانکا نے کہا کہ دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر حکومت نے کل دوپہر تک کا وقت مانگا ہے۔
انہوں نے کہا "دھرمیندر پردھان کے استعفے کے ہمارے مطالبے پر حکومت نے کل دوپہر تک مہلت طلب کی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ حکومت انہیں جلد ہی عہدے سے ہٹا دے گی۔ نیٹ امتحان سے متعلق خودکشی کرنے والے طلبہ کے ارکان خاندان کو معاوضہ دینے
اور طلبہ کے خلاف درج ایف آئی آرز اور قانونی مقدمات واپس لینے کے مطالبات پر حکومت نے اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے۔”دوسری جانب سی جے پی کے ترجمان سوربھ داس نے کہا کہ مذاکرات کے دوران انہوں نے دہلی پولیس کی کارروائیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔
انہوں نے کہا "ہم نے حکومت کو بتایا کہ دہلی پولیس گزشتہ رات سے لے کر آج تک بڑی تعداد میں نوجوان مردوں اور خواتین کو حراست میں لے رہی ہے۔ ان میں جنتر منتر سے اپنے گھروں کو واپس جانے والے افراد احتجاجی مقام کی طرف جانے والے لوگ حتیٰ کہ کھانا پہنچانے والے
افراد بھی شامل ہیں۔ پولیس منتخب نوجوانوں کو حراست میں لے رہی ہے اور وکلاء کے ساتھ بھی دھکم پیل اور بدسلوکی کر رہی ہے۔”سوربھ داس کے مطابق حکومت نے ابتدا میں ان واقعات سے انکار کیا تاہم بعد میں یقین دہانی کرائی
کہ اگر ایسی کارروائیاں واقعی ہو رہی ہیں تو انہیں جاری نہیں رہنے دیا جائے گا اور دہلی پولیس کو اس سلسلے میں مناسب ہدایات جاری کی جائیں گی۔




