ایجوکیشن

گرراج گورنمنٹ ڈگری کالج نظام آباد میں مانو اسٹڈی سنٹر کے قیام کی پیش رفت — طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے وسیع مواقع فراہم کرنے پر توجہ

گرراج گورنمنٹ ڈگری کالج نظام آباد میں مانو اسٹڈی سنٹر کے قیام کی پیش رفت — طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے وسیع مواقع فراہم کرنے پر توجہ

 

نظام آباد، 12 آگسٹ(اردو لیکس) گری راج گورنمنٹ ڈگری کالج (خود مختار)، نظام آباد میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ کو یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی پروگراموں اور داخلہ کے طریقۂ کار سے واقف کرانے کے ساتھ ساتھ کالج میں مانو اسٹڈی سنٹر کے قیام کے سلسلے میں ایک خصوصی رہنمائی پروگرام منعقد کا انعقاد عمل لایا گیا۔ پروگرام میں مانو CPDUMT کے ڈائریکٹر پروفیسر سمیع صدیقی، ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر مظہر قادری، پروفیسر امان اللہ اور مانو یونیورسٹی کی ٹیم نے شرکت کی

 

۔اس موقع پر پروفیسر امان اللہ نے طلبہ کو مانو یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی پروگراموں، کورسز، داخلہ کے طریقۂ کار، اہلیت اور اعلیٰ تعلیم کے مستقبل کے مواقع کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ پروفیسر سمیع صدیقی نے بھی یونیورسٹی کے مختلف کورسز اور تعلیمی پروگراموں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر مظہر قادری نے طلبہ اور میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے مانو کے تعلیمی پروگراموں اور داخلہ سے متعلق اہم امور کی وضاحت کی

 

۔پروگرام کے دوران گری راج گورنمنٹ کالج میں مانو اسٹڈی سنٹر کے قیام سے متعلق مختلف امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اسٹڈی سنٹر کے قیام سے نظام آباد اور اطراف کے طلبہ کو اپنے علاقے میں رہتے ہوئے مانو یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی پروگراموں سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا، جس سے بالخصوص باقاعدہ کیمپس میں تعلیم حاصل نہ کر پانے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے میں سہولت حاصل ہوگی

 

۔کالج کی اکیڈمک کوآرڈینیٹر ناہیدہ بیگم نے کہا کہ مانو یونیورسٹی اردو زبان و ادب کے فروغ کے ساتھ ساتھ مختلف شعبۂ ہائے علم میں معیاری اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ گری راج گورنمنٹ کالج میں مانو اسٹڈی سنٹر کا قیام طلبہ کے لیے ایک اہم تعلیمی سہولت ثابت ہوگا۔ انہوں نے مانو یونیورسٹی کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کالج انتظامیہ کی جانب سے اسٹڈی سنٹر کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

 

کالج کے پرنسپل پروفیسر پی. رام موہن ریڈی نے امید ظاہر کی کہ گری راج گورنمنٹ کالج اور مانو یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی تعاون مستقبل میں مزید مستحکم ہوگا اور اس کے ذریعے نظام آباد و اطراف کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر، آسان اور وسیع مواقع میسر آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button