ایجوکیشن

ایم ایس حفظ اکیڈیمی کی آٹھویں عظیم الشان دستار بندی، 145 حفاظ و حافظات کی تکمیلِ حفظ

حیدرآباد، 17 اگست 2026: ایم ایس حفظ اکیڈیمی کے دسویں بیچ کے 145 طلبہ و طالبات نے حفظِ قرآن کریم کی تکمیل کی، جن میں 89 حفاظ اور 56 حافظات شامل ہیں۔ اس موقع پر ایم ایس حفظ اکیڈیمی کی جانب سے آٹھویں عظیم الشان دستار بندی تقریب 15 اگست 2026 کو مینار گارڈن، سالار جنگ میوزیم روڈ، دارالشفاء، حیدرآباد میں منعقد ہوئی۔ اس بیچ کے 145 طلبہ کی تکمیلِ حفظ کے ساتھ ایم ایس حفظ اکیڈیمی سے اب تک قرآن کریم حفظ کرنے والے حفاظ و حافظات کی مجموعی تعداد 626 ہوگئی ہے۔

 

یہ تقریب ہندوستان کے یومِ آزادی کے موقع پر منعقد ہوئی، جس میں دینی، تعلیمی اور قومی جذبہ نمایاں رہا۔ تقریب میں والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے بچوں کی اس عظیم دینی کامیابی پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ طلبہ نے موقع کی مناسبت سے اپنی قرأتِ قرآن اور نعت خوانی کی صلاحیتوں کا بھی شاندار مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے سراہا۔ طالبات کے لیے پردہ کے ساتھ الگ اسٹیج اورنشستوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔

 

تقریب کے مہمانِ خصوصی حضرت مولانا سید اشہد رشیدی مدنی صاحب، مہتمم جامعہ قاسمیہ شاہی مرادآباد و صدر جمعیت علماء، اترپردیش تھے، جبکہ تقریب کی صدارت حضرت مولانا محمد عبدالرحیم بانعیم صاحب، نائب صدر مجلسِ علمیہ آندھرا پردیش و تلنگانہ نے کی۔

 

مولانا مفتی سید محمد نعیم قاسمی، ڈائریکٹر ایم ایس حفظ اکیڈیمی نے اکیڈیمی کی تعلیمی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر مشتمل تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ایس حفظ اکیڈیمی کا مقصد طلبہ کو قرآن کریم حفظ کرانے کے ساتھ ان کی دینی، اخلاقی اور عملی تربیت کرنا ہے۔

 

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیئرمین محمد لطیف خان نے اپنے خطاب میں 145 حفاظ و حافظات کی تکمیل کو اللہ تعالیٰ کا فضل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعداد محض ایک عدد نہیں بلکہ والدین کی دعاؤں، طلبہ کی محنت اور اساتذہ کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس کا مقصد ایسے باکردار شہری تیار کرنا ہے جن کی زندگی اور کردار میں قرآن کریم نظر آئے۔انہوں نے بتایا کہ ایم ایس نے 2036 تک 10,000 حفاظِ قرآن تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ موجودہ 626 حفاظ و حافظات اس بڑے مشن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حفاظِ کرام کو تلقین کی کہ قرآن کریم کے پیغام، امن، اخلاق اور انسانیت کی خدمت کو اپنے عمل کے ذریعے دنیا تک پہنچائیں۔

 

تقریب کے مہمانِ خصوصی حضرت مولانا سید اشہد رشیدی مدنی صاحب، مہتمم جامعہ قاسمیہ شاہی مرادآباد و صدر جمعیت علماء، اترپردیش، نے حفاظ و حافظات کی تکمیلِ حفظ پر انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور قرآن کریم سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اس موقع کی دینی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نئی نسل کی قرآن فہمی، دینی تربیت اور عملی زندگی میں قرآن کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

اس موقع پر ایک اور دو نشستوں میں مکمل قرآن سنانے والے طلبہ کے علاوہ بہترین حفظ، تعلیمی فضیلت اور پابندی کے لئے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے اور جلسہ کے آخری مرحلہ میں تمام 89 حفاظ اور 56 حافظات کی دستار بندی کی گئی۔

 

تقریب کی صدر حضرت مولانا محمد بن عبدالرحیم بانعیم صاحب نے فارغ ہونے والے حفاظ و حافظات کو آخری سبق پڑہایا اور ان کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ انہوں نے زور دیا کہ قرآن کریم کو صرف حفظ کرنا کافی نہیں بلکہ اسے پڑھنا، سمجھنا اور اس پر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔انہوں نے 15 اگست کے موقع پر ملک میں محبت، بھائی چارے اور باہمی اخوت کو فروغ دینے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ نئی نسل کو دین کے ساتھ ساتھ انسانیت، امن اور خدمت کا پیغام دینا چاہیے۔ اس موقع پر ایم ایس کےمنیجنگ ڈائرکٹرس انور احمد صاحب اور ڈاکٹر معظم حسین صاحب نے حفاظ کی دستار بندی میں حصہ لیا۔

 

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کےایگزیکٹیوڈائرکٹرمحمد اویس خان نےدستار بندی تقریب کی نظامت کی ۔ جبکہ حافطات کے لئے دستار بندی سے متعلق تمام امور ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے وائس چیرپرسن نزہت خان کی نگرانی میں انجام دئیے گیے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button