اے پی پی محمد رحیم الدین کے اعزاز میں نظام آباد بار اسوسی ایشن کی وداعی تقریب

اے پی پی محمد رحیم الدین کے اعزاز میں نظام آباد بار اسوسی ایشن کی وداعی تقریب
نظام آباد۔ 20/اگست (پریس نوٹ) نظام آباد ضلع عدالت میں اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر (اے پی پی) کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے مسٹر محمد رحیم الدین کے تبادلے کے موقع پر نظام آباد بار اسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ایک پُروقار وداعی و تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ حال ہی میں ان کا تبادلہ پل بی نگر حیدرآباد کی عدالت میں عمل میں آیا ہے۔ تقریب کی صدارت بار اسوسی ایشن کے صدر مسٹر نیل کنٹھ راؤ نے کی،
جبکہ جنرل سکریٹری مسٹر سبھاش ریڈی کی نگرانی میں منعقدہ اس تقریب میں وکلاء برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے محمد رحیم الدین کی پیشہ ورانہ خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ محمد رحیم الدین نے گزشتہ دس برسوں کے دوران نظام آباد اور کاماریڈی اضلاع میں نہایت دیانت داری، فرض شناسی، قانون پسندی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ اخلاقیات کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
ان کی خدمات نہ صرف محکمۂ استغاثہ بلکہ عدالتی نظام کے لیے بھی ایک قابلِ قدر سرمایہ رہی ہیں۔ مقررین نے ان کے حسنِ کردار، شائستہ رویے اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے عمل سے ایک مثالی سرکاری عہدیدار کی حیثیت سے شناخت قائم کی۔ بار اسوسی ایشن کی جانب سے محمد رحیم الدین کی گلپوشی اور شال پوشی کی گئی، جبکہ انہیں یادگاری تہنیت بھی پیش کی گئی۔
اس موقع پر وکلاء نے ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی تعیناتی پر بھی اسی جذبے اور کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ تقریب میں بار کونسل کے رکن مسٹر راجندر ریڈی، سینئر ایڈوکیٹس کروپاکر ریڈی، غلام یونس خان، آشا نارا ئینا، راج کمار صو بیدار، جگن موہن گوڑ، روی راج، نریش، وینکٹیشور، بالراج نائک، امریندر، سرینواس، کویتا، مانک راجو اور دیگر ممتاز وکلاء نے شرکت کرتے ہوئے محمد رحیم الدین کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے محمد رحیم الدین کی گرانقدر خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



