کھمم میں جمعیت علماء کا 27اگست کو خصوصی اجلاس
دینی مدرسہ بورڈ کے تربیتی اجلاس کے پوسٹر کی رسمِ اجراء
جنگاؤں: جمعیت علماء ریاستِ تلنگانہ کے زیرِ اہتمام قائم دینی مدرسہ بورڈ زون دوم کا عمومی اجلاس بعنوان ’’موجودہ دور میں دینی مکاتب و مدارس کی اہمیت‘‘ 27 اگست کو مستقر کھمم میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں متحدہ اضلاع ورنگل و کھمم کے علماء، ائمہ اور ذمہ داران شرکت کریں گے۔
اس تربیتی پروگرام کے پوسٹر کی رسمِ اجراء جامع مسجد جنگاؤں میں جمعیت علماء جنگاؤں کے سرپرست مولانا عبدالحفیظ قاسمی دامت برکاتہم کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
اس موقع پر مولانا عبدالحفیظ قاسمی نے کہا کہ دینی مکاتب و مدارس کا قیام اور ان میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے تحت منعقد ہونے والا یہ تربیتی پروگرام ایک اہم اور سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اہالیانِ جنگاؤں سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں پروگرام میں شرکت کرنے اور بالخصوص علماء و ائمہ کرام سے اس تربیتی پروگرام سے بھرپور استفادہ کرنے کی اپیل کی۔
اس موقع پر جمعیت علماء جنگاؤں کے صدر مولانا عبدالرحمن، نائب صدور محمد جمال شریف ایڈوکیٹ، مولانا فصیح الاسلام، جنرل سیکریٹری مولانا شاکر حسین قاسمی، خازن محمد خواجہ مجتہدالدین، سیکریٹری دینی مدرسہ بورڈ جنگاؤں حافظ مصلح الدین سعید، مولانا عقیل، مفتی انصار، مولانا امان اللہ، حافظ محمد ارشد، حافظ عبدالجواد، حافظ عبدالمنان کے علاوہ علماء و حفاظ کی کثیر تعداد موجود تھی۔



