کاماریڈی میں رشوت لیتے ہوئے راجَم پیٹ ایس آئی رنگے ہاتھوں پکڑا گیا


کاماریڈی (سید کوثر علی کی رپورٹ)
عوام کی حفاظت کی ذمہ داری نبھانے والے پولیس افسر کے مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ راجَم پیٹ پولیس اسٹیشن کے ایس آئی آنجنیلو کو اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے حکام نے جمعرات کی دوپہر کاماریڈی میں مبینہ طور پر 30 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق راجَم پیٹ منڈل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ایک مقدمہ کے سلسلے میں اسٹیشن بیل کے لیے ایس آئی سے رجوع کیا تھا۔ الزام ہے کہ ایس آئی نے کام کرانے کے عوض پہلے ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کیا،
بعد ازاں 50 ہزار روپے میں معاملہ طے ہوا۔ متاثرہ شخص نے پہلے ہی 20 ہزار روپے ادا کردیئے تھے۔ باقی 30 ہزار روپے ادا کرنے کے مرحلے میں متاثرہ شخص نے اے سی بی سے رجوع کیا۔ اے سی بی حکام نے منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے کاماریڈی میں واقع ایس آئی کی رہائش گاہ پر جال بچھایا۔ بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی ایس آئی نے متاثرہ شخص سے 30 ہزار روپے وصول کئے، اے سی بی حکام نے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
اے سی بی حکام کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس معاملے میں مکمل تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔ ایس آئی کی گرفتاری کی اطلاع سے پولیس محکمہ میں ہلچل مچ گئی ہے۔دریں اثنا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع ایس پی راجیش چندرا کے عہدہ سنبھالنے کے بعد پولیس اسٹیشنوں میں نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جارہی ہے اور معمولی کوتاہی کی اطلاع بھی اعلیٰ حکام تک پہنچ رہی ہے
۔ تاہم ایک ایس آئی کے مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے گرفتار ہونے کے واقعہ نے محکمہ پولیس کے لیے تشویش پیدا کردی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات سے پولیس نظام پر عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے




