مفتی محمد خبیب قاسمی نے عثمانیہ یونیورسٹی سے بی اے، ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کی

مفتی محمد خبیب قاسمی نے عثمانیہ یونیورسٹی سے بی اے، ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کی
کورٹلہ: یہ خبر دیتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ مفتی محمد خبیب قاسمی، فرزندِ محمد نظام الدین صاحب سرور نگر (ریٹائرڈ اے ای او، امیرِ تبلیغ جماعت، کورٹلہ) نے عثمانیہ یونیورسٹی، حیدرآباد سے بی اے، ایل ایل بی کی ڈگری کامیابی کے ساتھ مکمل کرلی ہے۔
مفتی محمد خبیب قاسمی نے 2020ء میں دارالعلوم دیوبند سے عالمیت کی تکمیل کی۔ اس کے بعد 2021ء میں حیدرآباد سے تکمیلِ افتاء کیا، جو مفتی کورس ہے۔ دینی تعلیم کے بعد انہوں نے 2022ء سے قانون کی پانچ سالہ بی اے، ایل ایل بی کی تعلیم شروع کی اور اس سال کامیابی کے ساتھ اپنی ڈگری مکمل کی۔
دینی علوم کے ساتھ عصری اور پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرنا ایک قابلِ قدر اور کم دیکھنے میں آنے والی مثال ہے۔ ایک عالم اور مفتی ہونے کے ساتھ قانون کی تعلیم حاصل کرنا اس بات کی علامت ہے کہ دینی بصیرت کے ساتھ عصری علوم سے واقفیت بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس خوشی اور کامیابی کے موقع پر شہرِ کورٹلہ کے بزرگوں، دانشوروں اور معززین کی جانب سے ڈاک بنگلہ عیدگاہ مسجد ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام گزشتہ جمعہ نمازِ جمعہ کے بعد ایک تہنیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں مفتی محمد خبیب قاسمی کی شال پوشی اور گل پوشی کی گئی اور انہیں مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں سے نوازا گیا۔
اسی موقع پر ایک اور طالب علم محمد مدثر ولد عبدالرحیم صاحب کی بھی بی اے، ایل ایل بی کی تکمیل پر گل پوشی اور شال پوشی کے ذریعے حوصلہ افزائی کی گئی۔
آخر میں اہلِ مجلس نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مفتی محمد خبیب قاسمی کو مستقبل میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے، ان کے علم کو قوم و ملت کے لیے نافع بنائے، انہیں قانون کے میدان میں حق و انصاف کا ساتھ دینے اور مظلوموں کے لیے آواز اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے، اور ہر طرح کی نظرِ بد اور آفات سے محفوظ رکھے۔ آمین۔




