جرائم و حادثات

معشوقہ سے مذاق مہنگا پڑا، لڑکی نے بھجوادی پولیس ۔ حیدرآباد میں تین نوجوان حوالہ کی رقم کے ساتھ پکڑے گئے

حیدرآباد: تین نوجوان مستی کررہے تھےکہ ان میں سے ایک نوجوان کی جانب سے اپنی محبوبہ کو بھیجے گئے پیغام کی وجہ سے ان کے پاس موجود حوالہ کی رقم پولیس کی تلاشی کے دوران منظرِ عام پر آ گئی۔

 

یہ واقعہ کے پی ایچ بی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق، آندھرا پردیش کے چندراگیری کے آس پاس کے گاؤں سے تعلق رکھنے والے سمنت، ماکاٹی منوج اور گوتم کچھ عرصے سے کے پی ایچ بی کے انڈس ون سٹی گیٹڈ کمیونٹی میں مشترکہ طور پر ایک فلیٹ لے کر رہ رہے تھے۔

 

اسی دوران جمعہ کی نصف شب تینوں نوجوان پارٹی منانے میں مصروف تھے۔ سمنت نے شراب کے نشے میں اپنی محبوبہ کو یہ پیغام بھیجا کہ اسے اغوا کر لیا گیا ہے۔ محبوبہ نے فوراً 112 پر کال کیا جس کے بعد ایس آئی راجو اور گشت پر مامور پولیس اہلکار ون سٹی میں واقع اس فلیٹ پر پہنچ گئے۔

 

تفتیش کے دوران پولیس نے فلیٹ میں موجود ایک سوٹ کیس سے 30 لاکھ روپے برآمد کیے۔ پولیس نے جب نوجوانوں سے اتنی بڑی رقم کے بارے میں پوچھا تو وہ کوئی واضح جواب نہیں دے سکے۔

 

موبائل فونس کی جانچ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ کرکٹ بیٹنگ میں ملوث تھے۔پولیس نے نوجوانوں اور رقم کو تحویل میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button