جنرل نیوز

جشن میلاد النبیﷺکے موقع پر دفتر ٹی آر ایس میں محفل نعتﷺکا انعقاد

جشن میلاد النبیﷺکے موقع پر دفتر ٹی آر ایس میں محفل نعتﷺکا انعقاد

 

حیدرآباد: جشن میلاد النبی ﷺ کے پر مسرت اور بابرکت موقع پر صدر دفتر تلنگانہ رکشنا سینا، بنجارہ ہلز میں محفل نعت ﷺ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں کمسن نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کئے۔ تقریب کا آغاز صبور خان قادری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض تلنگانہ رکشنا سینا کے ترجمان محمد صہیب نے انجام دیئے۔ مفتی محمد خان بیابانی جامعہ نظامیہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور سیرت طیبہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی مبارک زندگی پوری انسانیت کے لئے بہترین نمونہ ہے اور آپ ﷺ کے اخلاق و کردار کو اپناتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت، ہمدردی اور امن کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ مفتی محمد خان بیابانی نے جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر تلنگانہ رکشنا سینا کی صدر کلواکنٹلہ کویتا کی جانب سے محفل نعت ﷺ کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تمام جائز مقاصد میں کامیابی کے لئے دعا کی۔اس موقع پر پارٹی کے اقلیتی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ محمد عبد الباسط نے کہا کہ حضور اقدس ﷺ کی حیات مبارکہ ہمارے لئے عملی نمونہ ہے۔ آپ ﷺ کے اخلاق و کردار کو اپنی زندگیوں میں اپناتے ہوئے اور آپ ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر عمل کرتے ہوئے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ محمد صہیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب جشن میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے باعث مسرت ہے کہ یہ بابرکت اور خوبصورت محفل ایک ایسی شخصیت کی خصوصی دلچسپی اور ہدایت پر منعقد کی جارہی ہے جو محبت، خلوص، ہمدردی اور تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کے جذبے کے لئے جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے کلواکنٹلہ کویتا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ ان کی ہدایت اور تعاون سے تلنگانہ رکشنا سینا کے دفتر میں اس بابرکت محفل کا انعقاد عمل میں آیا۔ مذکورہ تقریب میں نوین کمیرا، سینئر صحافی و پی آر او، سید اسماعیل اور لوکا روی چندرا سیاسی تجزیہ نگار نے اعزازی مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے میلادالنبی ؐ کے موقع پر تمام ٹی آر ایس اقلیتی قائدین کو مبارکباد پیش کی تقریب کے اختتام پر تمام کمسن نعت خوانوں کی گلپوشی اور شال پوشی کی گئی اور انہیں مومنٹوز بھی پیش کئے گئے۔ علاوہ ازیں تقریب میں شریک پارٹی کے قائدین کی بھی گلپوشی و شال پوشی کی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button