زکوٰۃ سنٹر انڈیا نظام آباد یونٹ کی سال 2026ء کی پہلی قسط، 5 لاکھ 28 ہزار 510 روپے مستحقین میں تقسیم

زکوٰۃ سنٹر انڈیا نظام آباد یونٹ کی سال 2026ء کی پہلی قسط، 5 لاکھ 28 ہزار 510 روپے مستحقین میں تقسیم
نظام آباد، 24/ اگست (پریس نوٹ)زکوٰۃ سنٹر انڈیا، نظام آباد یونٹ کے زیر اہتمام سال 2026ء کی پہلی قسط کے طور پر 5 لاکھ 28 ہزار 510 روپے انکم جنریٹنگ ایکٹیویٹیز اور تعلیمی ضروریات کے لیے مستحقین میں تقسیم کیے گئے پروگرام کلاسک فنکشن ہال، قلعہ روڈ، نظام آباد میں یونٹ صدر جناب سید محمد یحییٰ ظفر کی صدارت میں منعقد ہوا، جبکہ محمد مختار، ڈویژنل انجینئر TGNPDCL مہمانِ خصوصی اور مفتی شمیم صاحب، امام و خطیب مسجدِ مالاپلی مولانا جاوید بیگ عمری، ریجنل سیکریٹری زکوٰۃ سنٹر انڈیا اور جناب احمد عبدالحلیم صاحب، سرپرستِ اعلیٰ زکوٰۃ سنٹر انڈیا، نظام آباد یونٹ اعزازی مہمانوں کی حیثیت سے شریک ہوئے پروگرام کا آغاز جناب عبد الملک ذاکر کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض جناب افضل الدین خالد، نائب صدر نے انجام دیے جناب سید مجیب علی، نائب صدر نے افتتاحی کلمات پیش کیے
اس موقع پر مختلف مستحقین کو روزگار کے ذرائع فراہم کیے گئے، جن میں الیکٹرک بائیک (Rapido اور Blinkit میں ڈلیوری بوائے کے طور پر کام کرنے کے لیے)، سلائی مشینیں، کاروباری سامان، ریڑھی/کارٹ، فروٹ سیلنگ، کپڑوں اور کنفیکشنری کے کاروبار، لیذر کٹنگ مشین اور دیگر ذرائع شامل ہیں اس کے علاوہ ایک انجینئرنگ کے طالب علم کو تعلیمی ضرورت کے پیشِ نظر لیپ ٹاپ فراہم کیا گیا۔ مجموعی طور پر 25 مستحقین اس مرحلے سے مستفید ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے زکوٰۃ کی اہمیت، اس کے صحیح مصرف اور اجتماعی زکوٰۃ نظام کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زکوٰۃ کا مقصد صرف وقتی مالی امداد نہیں بلکہ مستحق افراد کو باعزت روزگار، تعلیم اور خود کفالت کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔ انہوں نے صاحبِ استطاعت افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنی زکوٰۃ ایک منظم اور شفاف اجتماعی نظام کے تحت ادا کریں تاکہ اس کے ذریعے مزید خاندانوں کو مستقل طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جاسکے۔
جناب سید محمد یحییٰ ظفر نے صدارتی و اختتامی خطاب میں زکوٰۃ دہندگان، مخیر حضرات اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اجتماعی زکوٰۃ نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ جناب محمد غوث پاشاہ، خازن نے اختتامی کلمات میں مہمانانِ گرامی اور تمام شرکاء سے اظہارِ تشکر کیا۔اس موقع پر زکوٰۃ سنٹر انڈیا، نظام آباد یونٹ کے جناب محمد فضل اللہ، جنرل سیکریٹری؛ جناب عبد الرحمن بازرارہ، مانیٹرنگ اینڈ اسکروٹنی سیکریٹری؛ جناب محمد یوسف آرزو جیولرز، آرگنائزنگ سیکریٹری؛ اور جناب نادر خان سمیت شہر کی معزز شخصیات، مخیر حضرات اور زکوٰۃ سنٹر سے استفادہ کرنے والے مستحقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔



