عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر کاماریڈی میں عظیم الشان جلوسِ محمدیؐ
عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر کاماریڈی میں عظیم الشان جلوسِ محمدیؐ
مدینہ مسجد سے نکلا جلوس، عاشقانِ رسول ﷺ کی کثیر تعداد میں شرکت، امن و محبت کا پیغام عام
کاماریڈی(سیدکوثر علی کی رپورٹ)عید میلادالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر مرکزی میلاد کمیٹی کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی کاماریڈی میں مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ میلادالنبی ﷺ کا عظیم الشان جلوس نکالا گیا۔ جلوس میں عاشقانِ رسول ﷺ، علماء کرام، مذہبی و سماجی شخصیات اور نوجوانوں سمیت مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلوس کا آغاز مدینہ مسجد سے ہوا۔ شرکاء نے درود و سلام اور نعتِ رسول مقبول ﷺ کے ذریعے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ جلوس کے دوران فضائیں درود و سلام اور نعتوں سے گونجتی رہیں۔ شرکاء نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور مذہبی پرچم تھام رکھے تھے، جبکہ مختلف مقامات پر جلوس کا استقبال بھی کیا گیا
اسلام پورہ چوراہے سے نکالے ہوئے جلوس بائیک ریالی میں شریک عاشقانِ رسول ﷺ نے درود و سلام اور نعت خوانی کے ذریعہ اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ جلوس کے دوران فضا نعتوں، درود و سلام اور لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ شرکاء نے مذہبی پرچم تھامے ہوئے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ جلوس میں شرکت کی۔جلوس کے دوران مختلف مقامات پر عوام کی جانب سے استقبال کیا گیا اورجلوس میں شریک علماء کرام نے سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں امن، محبت، بھائی چارہ، اخوت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا پیغام عام کیا۔
جلوس اپنے مقررہ راستے سے گزرتا ہوا درگاہ حضرت نرنجن شاہ ولی رحمت اللہ شریف پہنچا، جہاں علماء کرام اور شرکاء نے پر حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور ملک و ملت میں امن و سلامتی، خوشحالی اور بھائی چارے کے لیے خصوصی دعا کی گئی بعد ازاں فاتحہ خوانی کے بعد شرکاء میں شیرینی تقسیم کی گئی مرکزی میلاد کمیٹی کے ذمہ داران نے جلوس میں شرکت کرنے والے تمام علماء کرام، مذہبی و سماجی شخصیات، نوجوانوں اور عوام سے اظہارِ تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبی ﷺ کے پروگراموں کا مقصد صرف جشن منانا نہیں بلکہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت و تعلیمات کو عام کرنا اور نئی نسل کو آپ ﷺ کی مبارک زندگی سے روشناس کرانا بھی ہے۔میلادالنبی ﷺ کے اس بابرکت موقع پر کاماریڈی میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ ساتھ امن، بھائی چارے اور اتحاد کا خوبصورت پیغام بھی دیکھنے میں آیا۔ جلوس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، امن و خوشحالی، مسلمانوں کے اتحاد اور پوری انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعا کی گئی



