اگر ابھی انتخابات ہوں تو این ڈی اے کوملے گا اقتدار لیکن…

نئی دہلی: ملک میں اگر ابھی لوک سبھا انتخابات ہوتے ہیں تو وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت والا این ڈی اے اتحاد مکمل اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار میں آ سکتا ہے۔ ’انڈیا ٹوڈے – سی ووٹر‘ کے تازہ ’موڈ آف دی نیشن‘ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے۔
سروے کے مطابق اگر اس وقت انتخابات ہوتے ہیں تو این ڈی اے اتحاد 326 نشستیں جیت کر آسانی سے حکومت تشکیل دے سکتا ہے۔ تاہم رواں سال جنوری میں کیے گئے سروے کے مقابلے میں این ڈی اے کی طاقت میں کچھ کمی دیکھی گئی ہے۔
جنوری کے سروے میں این ڈی اے کو 352 نشستیں ملنے کا اندازہ لگایا گیا تھا جبکہ تازہ سروے میں یہ تعداد 26 نشستیں کم ہو کر 326 رہ گئی ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ این ڈی اے کی حمایت میں کمی کے پیچھے نیٹ امتحان، رام مندر کے عطیات میں مبینہ چوری اور ای 20 پٹرول جیسے مسائل اہم عوامل ہو سکتے ہیں۔
2024 کے لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ کی جانب سے دیے گئے ’400 پار‘ یعنی 400 سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے نعرے کے مقابلے میں تازہ اندازے کافی کم ہیں۔سروے کے مطابق اپوزیشن کے ’انڈیا‘ اتحاد کی نشستوں میں بھی کوئی بڑی پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔
کانگریس کی قیادت والے اس اپوزیشن اتحاد کو تازہ سروے میں 185 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔یہ تعداد جنوری کے سروے میں اندازہ لگائی گئی 182 نشستوں کے مقابلے میں صرف 3 نشستیں زیادہ ہے۔
تاہم، 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں انڈیا اتحاد کو حاصل ہونے والی 234 نشستوں کے مقابلے میں یہ تعداد کافی کم ہے۔یکم جولائی سے 25 اگست کے درمیان 25,184 افراد سے براہِ راست ان کی رائے حاصل کی گئی۔
اس کے علاوہ سی ووٹر کے باقاعدہ ٹریکر کے ذریعے گزشتہ چھ ماہ کے دوران کیے گئے 91,795 انٹرویوز کا بھی تجزیہ کیا گیا۔




