مکتھل میں جلسۂ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد

مکتھل میں جلسۂ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد
مکتھل27/اگست (اردو لیکس) مکتھل میں مکتب فیضانِ معاذ کے زیرِ اہتمام بزمِ رحمتِ عالم ﷺ کے موقع پر جلسۂ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جلسہ میں علماء کرام، طلبہ و طالبات، نوجوانوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلسہ کی صدارت حضرت مولانا محمد عبدالعلیم کوثر قاسمی صدر جمعیت علماء ضلع نارائن پیٹ و ناظم جامعہ اسلامیہ فیض العلوم حسینیہ مکتھل نے کی۔
اس موقع پر حضرت مولانا محمد فضل الرحمن محمود صاحب رشیدی نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے موضوع پر مؤثر اور تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی پوری زندگی انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے اپنی حیاتِ مبارکہ کے ذریعے عدل و انصاف، رحم و شفقت، صبر و تحمل، حسنِ اخلاق، بھائی چارہ اور انسانوں کے ساتھ محبت و ہمدردی کا درس دیا۔
مولانا نے سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ نے اپنے مخالفین کے ساتھ بھی حسنِ سلوک اور عفو و درگزر کا معاملہ فرمایا۔ آپ ﷺ نے معاشرے کے کمزور طبقات، یتیموں، مسکینوں، خواتین اور پڑوسیوں کے حقوق کی تاکید فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو اپنی زندگیوں میں سیرتِ رسول ﷺ کو عملی طور پر نافذ کرنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب زندگی کے لیے نبی کریم ﷺ کی سیرت کو اپنا رہنما بنائیں، نماز کی پابندی کریں، والدین کا احترام کریں، جھوٹ اور برائیوں سے بچیں اور اپنے اخلاق و کردار کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ پر عمل ہی دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی کا ذریعہ ہے۔
جلسہ سے قبل مکتب فیضانِ معاذ کے طلبہ و طالبات کے درمیان سیرت کوئز اور تقریری مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ بعد ازاں نمازِ مغرب کے بعد جلسۂ عام منعقد ہوا۔
پروگرام میں حضرت مولانا قاضی محمد شجاع الدین رحمانی، حضرت مولانا بلال الرحمن قاسمی سمیت دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔ نظامت مولانا محمد عامر فیضی ارشدی نے انجام دی۔
جلسہ کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر عمل کرنے کی دعا کی گئی۔ منتظمین نے جلسہ میں شرکت کرنے والے تمام علماء کرام، طلبہ، نوجوانوں اور عوام سے اظہارِ تشکر کیا –




