تلنگانہ کی وزیر کونڈا سریکھا کو برطرف کریں، چیف منسٹر کا گورنر کو مکتوب

حیدرآباد: تلنگانہ کی وزیر کونڈا سریکھا کو کابینہ سے برطرف کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔باوثوق ذرائع کے مطابق کانگریس ہائی کمان نے انہیں کابینہ سے ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کونڈا سریکھا کو وزارت سے برطرف کرنے کی سفارش گورنر سے کی ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے گورنر کو ایک خط بھی روانہ کیا ہے۔ریونت ریڈی نے گورنر سے فوری طور پر سریکھا کو کابینہ سے برطرف کرنے کی درخواست کی ہے۔ اب وزیراعلیٰ کے خط پر گورنر فیصلہ کریں گے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے انہیں پہلے ہی وزارت سے استعفیٰ دینے کی ہدایت دی ہے۔ اگر وہ استعفیٰ نہیں دیتیں تو انہیں کابینہ سے برطرف کرنے کے اشارہ بھی دے دئیے گئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق منگل اور چہارشنبہ کو نئی دہلی میں کانگریس اعلیٰ کمان نے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور دیگر اہم قائدین کے ساتھ مشاورت کے بعد اس معاملے میں حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔۔
کونڈا سریکھا اور چناریڈی سے متعلق معاملے پر اعلیٰ کمان نے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی، پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ، ریاستی امور کی انچارج میناکشی نٹراجن اور دیگر سینئر قائدین سے پہلے ہی رائے حاصل کرلی تھی ۔




