جنرل نیوز

نظام آباد میں جماعتِ اسلامی ہند اور ایس آئی او کے زیرِ اہتمام جلسۂ عام

نظام آباد میں جماعتِ اسلامی ہند اور ایس آئی او کے زیرِ اہتمام جلسۂ عام

نوجوان اسلامی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے کی تعمیر کے لیے آگے آئیں: مقررین کی اپیل

نظام آباد، 18 اکتوبر(اردو لیکس)جماعتِ اسلامی ہند نظام آباد اور اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کے زیرِ اہتمام نظام آباد کے قلعہ روڈ پر ”بہار ہو کہ خزاں، لا الٰہ الا اللہ“ کے عنوان سے ایک جلسۂ عام منعقد کیا گیا۔

 

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں انسانیت فکری، اخلاقی اور سماجی مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں مسلم معاشرے، بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اسلامی تعلیمات کو اپنے کردار اور عمل کے ذریعے پیش کریں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

 

مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی کا خطاب

 

جماعتِ اسلامی ہند کے نائب امیر مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی نے ”بہار ہو کہ خزاں، لا الٰہ الا اللہ“ کے موضوع پر خطاب کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل نظامِ حیات ہے، جو انسان کی انفرادی، خاندانی، معاشرتی اور تجارتی زندگی کے تمام شعبوں میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

 

قرآن مجید کی آیت ”اے ایمان والو! اسلام میں پورے کے پورے داخل ہو جاؤ“ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی زندگی تمام معاملات میں انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے مساوات، عدل، رحم اور انسانیت کا درس دیا۔ آپ ﷺ نے غریبوں، یتیموں اور کمزوروں کے حقوق کی حفاظت کی اور غلاموں کے ساتھ بھی عزت و احترام کا معاملہ فرمایا۔

 

قرآنی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی ذمہ داری صرف عبادات تک محدود نہیں، بلکہ معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام کے لیے کوشش کرنا بھی ضروری ہے۔

 

مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی نے کہا کہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو چھوٹے چھوٹے اختلافات میں الجھنے کے بجائے مشترکہ مقاصد پر توجہ دینی چاہیے۔ غیر ضروری بحث و تکرار سے بچتے ہوئے مختلف خیالات رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا اور مشترکہ مقاصد کے لیے مل جل کر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہندوستان مختلف مذاہب، زبانوں اور تہذیبوں کا گہوارہ ہے، جہاں باہمی محبت، تعاون اور بھائی چارے کی ایک طویل روایت رہی ہے۔ تاہم، بعض مقامات پر نفرت، غلط فہمیوں اور مذہبی اختلافات کو ہوا دی جا رہی ہے۔ ایسے حالات میں عوام کے درمیان محبت، اعتماد اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو اپنے کردار، اخلاق اور عملی زندگی کے ذریعے اسلام کی حقیقی تعلیمات پیش کرنی چاہئیں، تاکہ غلط فہمیوں کا ازالہ ہو اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان باہمی احترام میں اضافہ ہو۔

 

ہندوستان سے محبت اور اس کی حفاظت کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ہم اس سرزمین سے محبت کرتے ہیں جہاں ہم رہتے ہیں۔ عبادت صرف اللہ تعالیٰ کا حق ہے، لیکن ملک سے محبت، اس کی حفاظت اور عوام کی خدمت کرنا ایک ذمہ دار شہری کا فرض ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے خلاف مسلمانوں کو خاموش تماشائی بن کر نہیں رہنا چاہیے، بلکہ امن، انصاف، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ملک کی آزادی، عوام کے حقوق اور ملک کے تحفظ کے لیے مسلم علماء، رہنماؤں اور عام مسلمانوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور امن کے لیے عملی کوششوں پر زور دیا۔

 

نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت تبدیلی کے لیے استعمال کریں: عبدالحمید

 

ایس آئی او کے قومی صدر عبدالحفیظ نے اپنے خطاب میں طلبہ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں، انہیں اپنی زندگی کے واضح مقصد سے جوڑیں اور معاشرے میں اپنا مؤثر مقام پیدا کریں۔

 

انہوں نے ”خیرِ امت“ کے تصور اور معاشرے کے تئیں مسلمانوں کی ذمہ داریوں کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی عملی نمائندگی محض زبانی دعوؤں سے نہیں، بلکہ کردار اور عمل سے ہونی چاہیے۔

 

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مقامی مسائل کو سمجھیں اور اپنی توانائی، علم اور وقت کو بامقصد طریقے سے استعمال کریں۔ نوجوانوں کو صرف معاشرے کا حصہ بن کر رہنے کے بجائے مثبت تبدیلی کا ذریعہ بننا چاہیے۔

 

انسانیت کو تاریکی سے نکال کر روشنی کی طرف لائیں: محمد فراز احمد

 

ایس آئی او تلنگانہ کے ریاستی صدر محمد فراز احمد نے ”روشنی کی طرف آئیے“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج انسانیت فحاشی، دنیا پرستی، عیش و عشرت اور نفرت جیسی تاریکیوں میں گھری ہوئی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے امتِ مسلمہ کو ”خیرِ امت“ کا مقام عطا کیا ہے۔ اس لیے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانوں کو ان تاریکیوں سے نکال کر اسلام کی روشنی کی طرف رہنمائی کریں اور اسلامی تعلیمات سے روشن معاشرے کی تعمیر میں حصہ لیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ اسی مقصد کے تحت ایس آئی او طلبہ اور نوجوانوں کو تیار کرنے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

 

دنیا کو سیرتِ محمدی ﷺ کی روشنی سے منور کریں: عبدالعزیز

 

جماعتِ اسلامی ہند تلنگانہ کے رکنِ شوریٰ عبدالعزیز نے ”دہر میں اسمِ محمد سے اجالا کردے“ کے موضوع پر خطاب کیا۔

 

انہوں نے موجودہ حالات میں اسلام کی رہنمائی اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے معاشرے سے امتیاز اور عدم مساوات کے خاتمے، عدل و انصاف کے قیام اور ریاستِ مدینہ کے قیام سے حاصل ہونے والی رہنمائی پر گفتگو کی۔

 

انہوں نے کہا کہ ظلم کا مقابلہ کرنے اور حق و سچائی کو قائم کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد ضروری ہے۔

 

اجتماعی جدوجہد اور واضح مقصد کی اہمیت: محمد اظہرالدین

 

جماعتِ اسلامی ہند تلنگانہ کے امیر محمد اظہرالدین نے ”اجتماعیت اور مقصد“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے اجتماعی کوششوں کی اہمیت، زندگی میں واضح مقصد کے تعین اور انفرادی صلاحیتوں کو مشترکہ مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر زور دیا۔

 

انہوں نے اسلامی تحریک کے مقصد، اس سے وابستگی اور منظم جدوجہد کی اہمیت کو واضح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے تحریک اور اس سے وابستہ اداروں کے تعارف اور ان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

 

اسلام کا پیغام پوری انسانیت کے لیے ہے

 

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام کا پیغام عدل و انصاف، مساوات، رحم، انسانیت اور بھلائی کا پیغام ہے۔ اس پیغام کو اپنے اخلاق و کردار کے ذریعے لوگوں تک پہنچانا ضروری ہے۔

 

انہوں نے امتِ مسلمہ میں اتحاد پیدا کرنے، دلوں کو جوڑنے، ظلم کے خلاف کھڑے ہونے، غریبوں اور کمزوروں کی مدد کرنے اور ملک میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینے کی اپیل کی۔

 

جلسے کے مقررین کے خطابات کا خلاصہ یہ تھا کہ مسلمان، بالخصوص نوجوان، اپنی دینی شناخت، اخلاقی اقدار، ذاتی صلاحیتوں اور اجتماعی کوششوں کو ایک واضح مقصد سے وابستہ کریں اور معاشرے میں عدل، خیر، مساوات اور مثبت تبدیلی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں۔

 

طلبہ میں اسناد کی تقسیم، ترانہ پیش

 

پروگرام کے آغاز میں یعقوب پورہ کے مقامی امیر عبدالستار خان امجد نے قرآن مجید کی تلاوت اور ترجمے کے ذریعے جلسے کا آغاز کیا۔اس موقع پر جماعتِ اسلامی ہند کی احمد پورہ شاخ کی جانب سے طلبہ کو جدید تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے رحیم مالاپلی مسجد کے قریب قائم کیے گئے ”الخیر کمپیوٹر سینٹر“ میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مہمانوں کے ہاتھوں اسناد تقسیم کی گئیں۔

ایس آئی او کے ایک رکن نے خوش الحانی کے ساتھ ترانہ پیش کیا، جس سے جلسے میں جوش و خروش کی فضا پیدا ہوئی۔

اہم ذمہ داران کی شرکت کی

اس جلسے میں جماعتِ اسلامی ہند نظام آباد شہر کے ناظم عبدالرحمن داؤدی، مقامی امراء عبدالستار خان (یعقوب پورہ)، محمد خالد احمد (احمدی بازار)، محمد غوث پاشا (حبیب نگر)، محمد عبدالرحیم (احمد پورہ)، ایس آئی او نظام آباد کے صدر سید انصار علی اور جماعتِ اسلامی ہند و ایس آئی او کے دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔پروگرام کی نظامت محمد فیصل خان نے انجام دی، جبکہ احمدی بازار کے مقامی امیر محمد خالد احمد نے اظہارِ تشکر کیا

متعلقہ خبریں

Back to top button