جنرل نیوز

جشنِ اردو – دبئی کی دس سالہ تقریبات – حیدرآباد کے قاری محمد عبدالرحمن بحیثیتِ مہمانِ خصوصی مدع کل عظیم الشان بین الاقوامی مشاعرہ و کوی سمیلن، ہندوستان کے ممتاز شعراء کی شرکت

 

دبئی – 22 اکتوبر( ای میل)حیدرآباد: شہر حیدرآباد کی معروف ادبی، ثقافتی، سماجی اور کاروباری شخصیت، بانی و منیجنگ ڈائریکٹر ایس آر زیڈ انٹرپرائزز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ اور بانی و چیئرمین ایس آر زیڈ ماہر القرآن ایوارڈز حیدرآباد، قاری محمد عبدالرحمن کو متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقد ہونے والی جشنِ اردو کی دسویں سالگرہ کی عظیم الشان تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

 

یہ خصوصی دعوت جشنِ اردو دبئی کے بانی جناب سید فرحان واسطی کی جانب سے دی گئی ہے، جو گزشتہ دس برسوں سے دبئی میں اردو زبان و ادب، مشاعروں، کوی سمیلن اور ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی روایات کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ قاری محمد عبدالرحمن 22 اکتوبر 2026ء کو دبئی پہنچ چکے ہیں اور 26 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں قیام کریں گے۔

 

جشنِ اردو دبئی اپنے کامیاب دس سال مکمل ہونے کی مناسبت سے 24 اکتوبر 2026ء بروز ہفتہ، رات 8 بجے، شیخ راشد آڈیٹوریم، دی انڈین ہائی اسکول، عود میثاء، دبئی میں ایک عظیم الشان بین الاقوامی مشاعرہ و کوی سمیلن منعقد کررہا ہے۔ جس کی صدارت متحدہ عرب امارات کے ممتاز ماہر قانون ڈاکٹر بو عبداللہ فرمائیں گے اس سال کی تقریب "A Tribute to Legends ” کے عنوان سے منعقد ہوگی، جس میں اردو و ہندی زبانوں کی مشترکہ ادبی و ثقافتی وراثت کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

 

اس موقع پر اردو شاعری کی دو عظیم شخصیات مرحوم منور رانا اور مرحوم ڈاکٹر راحت اندوری کی ادبی خدمات کو بھی خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس تاریخی مشاعرہ و کوی سمیلن میں ہندوستان کے نامور شعراء اور ادبی شخصیات شرکت کریں گی، جن میں: جناب عمران پرتاپ گڑھی، جناب اظہر عنایتی (صدرِ مشاعرہ)، جناب شکیل اعظمی، جناب ابرار کاشف، جناب ستلج راحت اندوری، جناب احمد سلمان، جناب تبریز منور رانا، جناب شمیم عباس، جناب عثمان مینائی، جناب اختر کانپوری، پروفیسر رحمان مصور، ڈاکٹر سلمیٰ شاہین، محترمہ مانیکا دوبے اور محترمہ ہمانشی ببرا شامل ہیں

 

جبکہ جناب نیئر جلالپوری نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ توقع ہے کہ یہ تقریب دبئی میں مقیم اردو و ہندی زبان کے شائقین اور اہلِ ادب کے لیے ایک یادگار ادبی محفل ثابت ہوگی۔ خصوصی دعوت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے قاری محمد عبدالرحمن نے کہا: "جشنِ اردو دبئی کی دس سالہ تکمیل کے تاریخی موقع پر بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا جانا میرے لیے باعثِ مسرت و اعزاز ہے۔ میں اپنے عزیز بھائی جناب سید فرحان واسطی کا ان کی پُرخلوص دعوت، محبت اور عزت افزائی کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔”قاری عبدالرحمن نے کہا کہ جشنِ اردو دبئی اور ایس آر زیڈ مشاعرہ حیدرآباد جیسے ادبی پلیٹ فارم ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تہذیبی رشتوں کو مزید مستحکم کرنے اور اردو و ہندی ادب کو عالمی سطح پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

 

اردو زبان و ادب اور ثقافتی سرگرمیوں کے علاوہ قاری محمد عبدالرحمن ایس آر زیڈ ماہر القرآن ایوارڈز حیدرآباد کے بانی و چیئرمین بھی ہیں۔ اس قومی سطح کے مسابقۂ حفظِ قرآن کے ذریعے ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے حفاظِ کرام کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے نمایاں خدمات انجام دی جارہی ہیں۔ اس مقابلے کے تیسرے ایڈیشن 2026ء کی تیاریاں بھی جاری ہیں، جس میں کامیاب حفاظ کے لیے نقد انعامات اور عمرہ پیکیجز رکھے گئے ہیں۔ قاری عبدالرحمن جشن اردودبئی کی سالگرہ کی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے علاوہ ممتاز شعراء، ادبی شخصیات، ہندوستانی برادری کے ذمہ داران، کاروباری شخصیات اور اپنے احباب سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

 

انہوں نے دبئی اور متحدہ عرب امارات میں مقیم تمام اردو و ہندی زبان کے شائقین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ اور بچوں کے ہمراہ اس تاریخی مشاعرہ و کوی سمیلن میں شرکت کریں اور نئی نسل کو اپنی زبان، ادب اور تہذیبی وراثت سے روشناس کرائیں۔ "ان شاء اللہ، جشنِ اردو کے دس سال کی تکمیل کے اس یادگار جشن میں آپ سب سے ملاقات ہوگی۔ میں دبئی میں اپنے تمام دوستوں، شعرائے کرام اور اردو ادب کے چاہنے والوں سے ملاقات کا منتظر ہوں۔”

 

آخر میں قاری محمد عبدالرحمن نے جناب سید فرحان واسطی اور جشنِ اردو کی پوری منتظمہ ٹیم کو دس سالہ کامیاب ادبی سفر پر دلی مبارکباد پیش کی اور 24 اکتوبر کی تقریب کی شاندار کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button