ایمبولینس کی لاری کو ٹکر مریضہ اور اس کی ماں ہلاک۔ تلنگانہ کے ضلع نرمل میں افسوسناک حادثہ

نرمل: ریاست تلنگانہ ضلع نرمل میں ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا جہاں ایک لاری نے ایمبولینس کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں مریضہ اور اس کی ماں کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ جمعہ کی علی الصبح سون-کڈتال وائی جنکشن کے قریب پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع عادل آباد کے گڈی گوڑہ منڈل کے گاؤں جری کی رہنے والی سرسوتی (22 سال) گزشتہ کچھ عرصے سے صحت کے مسائل سے پریشان تھی۔ طبی معائنے کے لیے اسے عادل آباد کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مزید علاج کے لیے نظام آباد کے اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔اسی سلسلے میں جمعرات کی رات سرسوتی اس کی ماں پاروبائی اور خاندان کے چار دیگر افراد ایمبولینس میں نظام آباد کے اسپتال کے لیے روانہ ہوئے۔
جب ایمبولینس کڈتال وائی جنکشن کے قریب پہنچی تو سامنے سے آنے والی ایک لاری نے اسے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں سرسوتی اور اس کی ماں پاروبائی (50 سال) کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
حادثے میں مزید تین افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ ایمبولینس ڈرائیور کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے نرمل اور نظام آباد کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر نرمل کے ڈی ایس پی سرینواس، سون سرکل انسپکٹر گووردھن ریڈی اور سب انسپکٹر گوپی جائے حادثہ پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔



