جرائم و حادثات

خود کو کروڑ پتی ظاہر کرکے 20 خاتون ملازمین پولیس کو دھوکہ

نئی دہلی: خود کو کروڑ پتی اور کاروباری شخصیت ظاہر کرتے ہوئے 20 خاتون پولیس کانسٹیبلز کو دھوکہ دینے اور تقریباً 24 لاکھ روپے ہڑپ کرنے والے ایک شخص کو دہلی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ایک خاتون کانسٹیبل کی شکایت پر اس دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا۔

 

پولیس کی تفصیلات کے مطابق ملزم کی شناخت اترپردیش سے تعلق رکھنے والے وکرانت تومر کے طور پر کی گئی ہے۔کرول باغ پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دینے والی ایک خاتون کانسٹیبل نے شکایت درج کروائی کہ وکرانت تومر نے خود کو کاروباری شخصیت ظاہر کرتے ہوئے شادی کے نام پر اسے دھوکہ دیا۔

 

ملزم نے اسے بیٹنگ پلیٹ فارمز میں سرمایہ کاری کے ذریعے بھاری منافع حاصل ہونے کا لالچ دیا۔ اس کے جھانسے میں آکر خاتون نے اپنی جمع پونجی کے علاوہ 12 لاکھ روپے کا ذاتی قرض لے کر اسے مجموعی طور پر 24 لاکھ روپے دے دیے۔شکایت کی بنیاد پر پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو انکشاف ہوا کہ

 

ملزم کوئی کاروباری شخصیت نہیں تھا بلکہ سوشل میڈیا پر جھوٹی پوسٹوں کے ذریعے لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتا تھا۔ پولیس کے مطابق اس نے اسی طریقۂ کار سے مزید 19 خاتون کانسٹیبلز کو بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے رابطے میں لاتے ہوئے دھوکہ دیا۔تحقیقات میں معلوم ہوا کہ وکرانت سوشل میڈیا پر

 

مشہور ریسٹورنٹس، مہنگی کاروں اور عالیشان عمارتوں میں پرتعیش زندگی گزارنے کی تصاویر اور پوسٹیں شیئر کرتا تھا۔ خود کو امیر کاروباری شخصیت ظاہر کرکے وہ نوجوان خواتین سے دوستی بڑھاتا اور ان کا اعتماد حاصل کرتا تھا۔ خواتین کو متاثر کرنے کے لیے وہ آٹھ گھنٹوں کے لیے مہنگی کاریں کرائے پر لیتا اور انہیں

 

الگ الگ گھمانے لے جاتا تھا۔اس معاملے میں ایک اور اہم انکشاف یہ ہوا کہ ملزم کے ساتھ لیو اِن ریلیشن شپ میں رہنے والی خاتون بھی پولیس کانسٹیبل ہے۔ تحقیقات کے مطابق اسی خاتون کے ذریعے ملزم کو دوسری خواتین کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں جس کے بعد اس نے انہیں اپنے نشانے پر رکھا۔ بتایا جاتا ہے کہ

 

دھوکہ دہی کا شکار ہونے والی تمام 20 خواتین ایک ہی بیاچ سے تعلق رکھتی ہیں۔پولیس نے مزید بتایا کہ وکرانت تومر کے خلاف ماضی میں بھی اسی نوعیت کی دھوکہ دہی کے کئی مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔ اسے جاریہ سال جون میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button