اردو زبان کی بقا و فروغ کے سلسلے کی ایک کڑی: نرمل میں عظیم الشان طرحی مشاعرہ کا انعقاد

نرمل: اردو زبان و ادب کی بقا، فروغ اور اس کی شیرینی کو عوام الناس تک پہنچانے کے جذبے کے تحت، مولانا آزاد نگر، نرمل میں ایک شاندار شعری نشست کا اہتمام کیا گیا۔ زبانِ اردو کی خدمت اور ادب نوازی کو عام کرنے کے اسی پس منظر میں بتاریخ 24 اکتوبر 2026ء بروز ہفتہ، رات 9 بجے، بمقام محمدیہ ہائی اسکول مولانا آزاد نگر نرمل میں ایک عظیم الشان طرحی مشاعرہ بہ طرح "لوگ آتے ہیں چلے جاتے ہیں” منعقد ہوا۔
اس پروقار محفل کی صدارت استاذ و کہنہ مشق شاعر جناب یوسف نرمل صاحب نے فرمائی۔ جبکہ مہمانانِ خصوصی کے طور پر جناب غلام غوث صاحب، جناب طاہر صاحب (نمائندہ وارڈ کونسلر)، جناب افضل افسر صاحب، جناب علیم صاحب اور جناب عظمت صاحب (صدر مدرس محمدیہ ہائی اسکول) نے شرکت فرما کر محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔
مشاعرے کی کامیاب نظامت کے فرائض جناب عرفان الدین عاطف صاحب نے بحسن و خوبی انجام دیے۔شعرائے کرام میں جناب یوسف نرمل، افضل افسر، امتیاز ماہر، لیاقت علی روشن، ایوب خان رہبر، محسن بن محمد، فہیم نیر، عرفان الدین عاطف، اسرار احمد دانش، خالد احمد فراز، یسین باوزیر اور اشرف نرملی نے اپنے اپنے طرحی کلام اور منتخب اشعار سے سامعین کو رات دیر گئے تک محظوظ فرمایا اور خوب داد و تحسین حاصل کی۔
اردو سے محبت کرنے والوں اور شائقینِ شعر و ادب کی کثیر تعداد کی وجہ سے اسکول کا ہال تنگ دامنی کا شکوہ کر رہا تھا، اور خرد و بزرگ تمام سامعین نے اس علمی و ادبی ماحول کا بھرپور لطف اٹھایا۔محفل کے اختتام پر رات دیر گئے جناب اسرار احمد دانش صاحب کے اظہاِر تشکر (شکرانے کے کلمات) کے ساتھ یہ عظیم الشان اور یادگار مشاعرہ اپنے اختتام کو پہنچا



