تلنگانہ

ترکی کو امداد روانہ کرنے میں نمایاں خدمات پر حیدرآباد ی نوجوان کو تہنیت

حیدرآباد۔25مارچ(پریس نوٹ) حیدرآباد میں واقع ترکی کے قونصل خانہ نے زلزلہ سے متاثرہ افراد کے لئے امداد روانہ کرنے کی سرگرمیوں میں تعاون کے لئے ایک حیدرآبادی نوجوان محمدذیشان علی خان کو تہنیت پیش کی ہے۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں قونصل جنرل ارہان یلمان اوکان نے محمدذیشان علی خان اور دیگر والینٹرس کو تہنیت پیش کی اور توصیف نامہ عطا کیا۔ذیشان اور ان کی ٹیم نے امدادی سامان وصول کرنے‘جمع کرنے‘علحدہ کرنے اور ترکی روانہ کرنے کے عمل میں نمایاں خدمات انجام دیں جس کے لئے قونصل جنرل نے ان کا شکریہ ادا کیا اور ستائش کی۔ ترکی اور شام گزشتہ ماہ ایک طاقتور زلزلہ سے دہل گئے تھے جس سے دونوں ملکوں میں 50ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔بی ٹیک گریجویٹ ذیشان علی خان نے کورونا وائرس کی وباء کے دنوں میں بھی امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ انہوں نے بالخصوص کورونا سے فوت ہونے والے سینکڑوں افراد کی تجہیز و تکفین کے لئے متاثر کن خدمات انجام دیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button