جنرل نیوز

تاسیس تلنگانہ دس سالہ تقاریب کو کامیاب بنایا جائے: ضلع کلکٹر ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا

دس سالہ تقریبات پر ضلع کلکٹر پداپلی کی ویڈیو کانفرنس

پداپلی یکم جون ( محمد استقام الدین )ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے کہا کہ 02/جون تا 22/جون، 21 روزہ منعقد شدنی تاسیس ریاست تلنگانہ تقاریب میں تمام کو شرکت کرتے ہوئے کامیاب بنایا جائے۔

 

آج بروز جمعرات تاسیس تلنگانہ ریاست دس سالہ تقاریب کے پس منظر میں ضلع میں 21 دنوں تک منعقد کئے جانے والے پروگراموں پر ضلع کلکٹر نے صحافتی اجلاس منعقد کیا۔

 

اس موقع پر ضلع کلکٹر نے مطلع کیا کہ تلنگانہ ریاست دس سالہ تقاریب کے پس منظر میں ضلع میں 21 دنوں تک روزآنہ منعقد شدنی پروگراموں کے لئے پیشگی لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے اور متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداران کے ہمراہ اسپیشل افسران کا تقرر عمل میں لاتے ہوئے تندہی کے ساتھ بغیر کسی دشواری کے پروگراموں کے انعقاد کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔

 

02/جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر قانون ساز کونسل کے سرکاری چیف تانیپرتی بھانو پرساد راؤ بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے صبح 8:45 بجے ایم۔پی۔ڈی۔او آفس میں واقع شہیدان تلنگانہ کے ستون کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ضلع کلکٹریٹ کے احاطہ میں صبح 8:45 بجے پولس سے سلامی لینگے اور صبح 9 بجے قومی جھنڈا لہرائیں گے۔

 

03/جون کویوم کسان کے موقع پر ضلع میں واقع 54 رعیتو ویدیکاؤں پر کلسٹرواری سطح پر اسپیشل افسران کی نگرانی میں تندہی کے ساتھ پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ محکمہ زراعت میں حاصل کی گئی ترقی، حکومت کی جانب سے آئیل پام کی کاشت کے لیے فراہم کی جانے والی مراعات اور مستقبل میں فصل کی زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا جائے گا،بعد ازاں کسانوں کے ہمراہ عوامی نمائندے اور عہدیداران مشترکہ ظہرانہ کریں گے۔

 

04/جون کو محکمہ پولس کے زیر اہتمام یوم تحفظ (Safety Day) منعقد کیا جائے گا۔ محکمہ پولس کی جانب سے ضلع میں امن و ضبط کی تفصیلات پر مبنی پروگرامس منعقد کئے جائیں گے اور شی ٹیمس کے ذریعہ ضلع میں ریالی نکالی جائے گی۔

 

05/جون کو یوم محکمہ برق کے تحت ہر اسمبلی حلقہ میں ، سنگرینی علاقہ میں محکمہ برق کے ذریعہ حاصل کردہ کامیابیوں پر پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ محکمہ زراعت میں 24 گھنٹے مفت بجلی، صنعت کاروں کو بِلا تعطل بجلی کی فراہمی، حجاموں کو 250 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی جیسے مستحقین کی موجودگی میں تقریبات منعقد کئےجائیں گے۔

 

06/جون کو یوم صنعت کے موقع پر راماگنڈم کے کندنا پلّی میں صنعتی علاقہ میں تقریبات منعقد کئے جائیں گے، ٹی ایس آئی پاس کے ذریعہ ضلع کو فراہم کردہ سرمایہ کاری،روزگار کے مواقع کی تفصیلات کی وضاحت کی جائے۔

 

07/جون کو یوم آبپاشی تقریبات کے تحت ہر اسمبلی حلقہ میں محکمہ آبپاشی میں حاصل کردہ کامیابیوں پر اجلاس منعقد کیا جائے۔ کالیشورم لفٹ ارریگیشن کی تعمیر، ایس آر ایس پی ، مختلف زیرالتواء پراجکٹوں کی تکمیل کے ذریعہ فراہم کردہ سہولیات کی تفصیلات بیان کی جائیں اور کالیشورم پراجکٹ پر آڈیو ویجولس دکھائے جائیں گے۔

 

08/جون کو یوم ذخائر آب کے تحت ہر موضع ، بلدیہ میں واقع تالابوں کے دہانے پر شام کے وقت بونالو، بتوکما کے ساتھ عوام کے ہمراہ پروگرام منعقد کئے جائیں گے، بعد ازاں عوام اور عوامی نمائندوں کے لئے عہدیداران کے ذریعہ مشترکہ طعام فراہم کیا جائیگا۔

 

09/جون کو مختلف محکمہ جات کے ذریعہ عمل آور فلاحی اسکیمات پر ہر اسمبلی حلقہ میں تلنگانہ فلاحی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جس میں مستحقین میں بھیڑوں کی تقسیم، مکانات کے پٹا، شادی مبارک، کلیانہ لکشمی کے چیکس کی تقسیم وغیرہ کے ساتھ ساتھ فلاحی شعبہ میں حکومت کی کارکردگیوں کی وضاحت کی جائے گی۔

 

10/جون کو تلنگانہ گوڈ گورننس ڈے کے موقع پر عوام کی سہولت کی خاطر تلنگانہ کے ہر محکمہ میں کی گئی تبدیلیاں، اور ان کے ذریعہ حاصل کردہ فوائد کی وضاحت کی جائے گی۔ 11/جون کو یوم ثقافت کے موقع پر ضلعی سطح پر شعری مقابلے منعقد ہونگے۔ 12/جون کو محکمہ پولس کے زیر اہتمام ضلع کے ہراسمبلی حلقہ میں صبح تلنگانہ رن کا انعقاد کیا جائےگا۔

 

13/جون کو حلقہ کی سطح پر یوم خواتین کا انعقاد کیا جائےگا، حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے کئے جا رہے مختلف پروگراموں سے استفادہ کنندگان کی تفصیلات، آشا کارکنوں، آنگن واڑی ٹیچروں کی اجرت میں اضافہ کی تفصیلات بیان کی جائیں گی۔ خواتین کی تعلیم کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی وضاحت کی جائے گی اور بہترین خواتین ملازمین کو اعزاز سے نوازا جائےگا۔

 

14/جون کومحکمہ طب و صحت سے متعلقہ حلقہ واری سطح پر کے سی آر کٹ، کے سی آر نیوٹریشن کٹ، سی ایم آر ایف سے مستفید ہونے والے افراد، طبی محکمہ کے عملہ، حلقہ کی سطح پر نئے میڈیکل، نرسنگ اور پیرا میڈیکل کالجوں کے طلباء کی قیادت میں تقریب منعقد کی جائےگی۔ محکمہ طب وصحت کی پیشرفت پر تفصیلی وضاحت پیش کی جائےگی، پلّے، بستی دواخانوں، کنٹی ویلوگو، کے۔سی۔آر۔ کٹ، کے۔سی۔آر۔ نیوٹریشن کٹ، تحفظ زچہ و بچہ مراکز، بنیادی سہولیات میں اضافہ کی مکمل تفصیلات پیش کی جائے گی، آشا ورکر، اے این ایم، اسٹاف نرس، لیاب ٹیکنیشین ، ڈاکٹروں کو اعزاز سے نوازا جائےگا۔

 

15/ جون کو یوم پلّے پرگتی کے موقع پر ضلع کی ہر گرام پنچایت میں دیہی ترقیاتی پروگرام کے تحت دیہاتوں میں کئے گئے ترقیاتی کاموں، ہریالی میں اضافہ، صفائی ستھرائی اور اس پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات گرام سبھا میں مطلع کی جائیں گی اور بہترین گرام پنچایت سرپنچوں اور منڈلوں کے ایم پی پیز کو اعزاز سے نوازا جائےگا۔

 

16/جون کو یوم شہری ترقی کے موقع پر بلدیا ت کی ترقیاتی کاموں کی تفصیلات بیان کی جائیں گی۔ 17/ جون کو تلنگانہ یوم قبائیلی تقریبات کے موقع پر ضلع کے 8 قبائیلی گرام پنچایتوں میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ 18/جون کو پینے کے پانی کی تقریبات کے موقع پر عوامی نمائندے ، طلباء کے ہمراہ مشن بھگیرتا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کریں گے، مشن بھگیرتا کے ذریعہ گھر گھر کو فراہم کی جانے والی پینے کے پانی کی تفصیلات پر مواضعات میں خواتین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے۔19/جون کویوم ہریالی تقریبات کے تحت مواضعات میں ، شہروں میں وسیع پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی، نرسریوں کا دورہ کیا جائے گا اور اس حقیقت سے عوام کو واقف کریں کہ تلنگانہ ہریالی بڑھانے میں ملک میں سرفہرست ہے۔

 

20/جون کو تلنگانہ یوم تعلیم کے موقع پر دیہی سطح سے ضلعی سطح تک ہر تعلیمی ادارے ، لائبریریوں میں پروگرامس منعقد کئے جائیں گے، طلباء میں یونیفارمس اور کاپیاں تقسیم کی جائیں گی۔ ، ہمارا گاؤں ہمارا مدرسہ پروگرام کے تحت مکمل شدہ اسکولس، لائبریریز، ڈیجیٹل کلاس رومس کا افتتاح کیا جائےگا۔

 

21/جون کو یوم روحانی عبادت کے موقع پر ضلع میں موجود تمام مندروں ، مساجد اور چرچوں میں خصوصی عبادت منعقد کی جائےگی۔

 

22/جون کو دیہی سطح سے ضلعی سطح تک شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دس سالہ تقریبات کا اختتام کیا جائے گا۔

 

تاسیس تلنگانہ دس سالہ تقاریب میں عوام ، عوامی نمائندوں ، عہدیداروں کی کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کے لئے سماجی میڈیا کے ذریعہ روزآنہ منعقد کئے جانے والے پروگراموں کی تفصیلات کی وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے, ان پروگراموں سے عوام کو واقف کروانے ، الیکٹرانک میڈیا ، لوکل چینل پر لائیو ٹیلی کاسٹ کے ذریعہ 21 روزہ تقریبات کو کامیاب بنانے کی ضلع کلکٹر نے صحافیوں سے اپیل کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button