انٹر نیشنل

سعودی عرب میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کا انڈین کمپنی سے معاہدہ۔ ہند سعودی استحکام میں اضافہ

ریاض ۔ کے این واصف

ہندوستان اور سعودی عرب سیاسی، ثقافتی و تجارتی سطح پر استحکام بڑھ رہا ہے۔ سعودی عرب میں ماحولیاتی نظام میں مزید بہتری کے لیے انڈین الیکٹرک وہیکل کمپنی Pravaig Dynamics مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔عرب نیوز کے مطابق انڈیا کے شہر بنگلور میں قائم فرم نے بتایا ہے کہ الیکٹرک وہیکل مینوفیکچرنگ کمپنی مملکت میں 10 لاکھ گاڑیوں تک پیداواری صلاحیت رکھتی ہے۔

 

 

 

 

گذشتہ ہفتے نئی دہلی میں الیکٹرک کار مینوفیکچرنگ کمپنی کے سی ای او سدھارتھا باگری اور مملکت کی کمپنی ایس آئی وی ایس کے سی ای او منصور الثنونی کے درمیان اس معاہدے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔اس موقع پر سدھارتھا باگری نے کہا ہے کہ ہماری کمپنی اپنی تیار شدہ گاڑیوں سے خلیج، امریکہ اور یورپ کی منڈیوں کی مانگ پوری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔سعودی عرب کی حمایت کے ساتھ ہماری کمپنی بین الاقوامی مارکیٹ میں 31 ارب ڈالر سے زیادہ کے اقتصادی مواقع کھولنے کے لیے تیار ہیں۔

 

 

 

 

دونوں کمپنیوں کے معاہدے کے تحت مشترکہ ترقی، سپلائی اور سروس خصوصی مقصد کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی تیاری کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔ٹرانسپورٹ اورلاجسٹکس کے لیے بھی اس دہائی کے آخر تک بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی افادیت کو 25 فیصد تک بڑھانے پر حکمت عملی قائم کی جا رہی ہے۔سعودی عرب میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ماحولیاتی نظام گزشتہ چند برس میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے کیونکہ مملکت نے 2060 میں زیرو کاربن اخراج کے اہداف مقرر کر رکھے ہیں۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سعودی عرب کی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ایک پروگرام شروع کیا ہے جو رہائشیوں اور سیاحوں کو لوسیڈ موٹرز کی الیکٹرک گاڑیاں کرایہ پر لینے کی اجازت دیتا ہے۔

 

 

 

 

مارچ 2023 میں امریکن کمپنی لوسیڈ موٹرز کے نائب صدر اور مشرق وسطیٰ میں منیجنگ ڈائریکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ وہ اپنی پہلی مکمل طور پر سعودی اسمبل شدہ الیکٹرک کار کی ستمبر میں جدہ میں نمائش کریں گے۔لوسیڈ نے گذشتہ سال مملکت میں ایک لاکھ 55 ہزار صفر کاربن اخراج والی الیکٹرک گاڑیوں کی سالانہ تیاری کی صلاحیت کے ساتھ ایک پیداواری یونٹ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں لگانے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button