جنرل نیوز

نظام آباد ضلع کیلئے مختص کردہ سبسیڈی لون کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے  : سمیر احمد قائد بی آرایس کی اسپیکر اسمبلی سے نمائندگی

نظام آباد:19/ ڈسمبر (اردو لیکس)سمیر احمد حرکیاتی قائد بی آرایس پارٹی ضلع نظام آباد نے اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی کی آج نظام آباد آمد کے موقع پر ان سے ملاقات کرتے ہوئے نظام آباد ضلع کیلئے مختص کردہ سبسیڈی لون کے کوٹہ میں اضافہ کرنے کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ سمیر احمد نے نظام آباد ضلع کیلئے سبسیڈی لو ن کے مختص کردہ دو الگ الگ زمرہ کے اعداد و شمار کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ سارے ضلع کیلئے 1لاکھ روپئے قرض کیلئے 227 استفادہ کنندگان کا کوٹہ مختص کیا گیا جبکہ 2لاکھ روپئے قرض کیلئے 97 استفادہ کنندگا ن کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے

 

جو ناکافی ہے۔انہوں نے کہا کہ نظام آباد ضلع کے 6 حلقہ اسمبلی جات نظام آباد (اربن)، نظام آباد (رورل)، بودھن، آرمور، بالکنڈہ کے بشمول بانسواڑہ حلقہ اسمبلی کے 5 منڈل سبسیڈی قرضہ جات کے کوٹہ میں شامل ہے۔ سمیر احمد نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مسلم اقلیتی طبقہ کی فلاح وبہبود کیلئے کئی قابل ذکر اسکیمات پر عمل آوری کی جارہی ہے جس سے مسلم اقلیت مطمئن ہے۔ لیکن سبسیڈی قرضہ جات کیلئے قلیل کوٹہ مختص کئے جانے سے کثیر تعداد میں پائے جانے والے اقلیتی استفادہ کنندگان میں تشویش پائی جاتی ہے لہذا اس تشویش کو دور کرنے کیلئے استفادہ کنندگان کے کوٹہ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

 

اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی نے سمیر احمد کو تیقن دیا کہ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم سے بات کرتے ہوئے نظام آباد ضلع کیلئے مختص کردہ سبسیڈی کوٹہ کے استفادہ کنندگان کی تعداد میں اضافہ کو یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر سمیر احمد کے ہمراہ اکبر نواز الدین اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button