20 دن کی دلہن سڑک حادثہ میں ہلاک – شوہر شدید زخمی ؛ تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع میں حادثہ
سدی یپٹ – 24 نومبر ( اردولیکس) نئی نویلی دلہن خوفناک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئی جبکہ شوہر ہاسپٹل میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔یہ دلخراش حادثہ تلنگانہ کے سدّی پیٹ ضلع کے مِرودڈّی منڈل کے پدا چِپّیال کے قریب پیر کے روز پیش آیا ۔
حادثے میں ایک نئی نویلی دلہن ہلاک ہوگئی جبکہ شوہر شدید زخمی حالت میں زیرِ علاج ہے۔ پولیس کے مطابق 24 سالہ پرنتی اور سائی کمار کی 20 دن قبل ہی شادی ہوئی تھی۔
پیر کو یہ جوڑا ملازمت کے سلسلے میں سدّی پیٹ سے موٹر سائیکل پر حیدرآباد جا رہا تھا کہ پدا چِپّیال کے مضافات میں پیچھے سے تیزی سے آنے والے ایک ٹریکٹر نے انہیں ٹکر مار دی۔ 108 ایمبولینس کے ذریعے انہیں گجویل کے سرکاری ہاسپٹل لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی پرنتی دم توڑ گئی۔
سائی کمار کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور وہ ہاسپٹل میں زیرِ علاج ہے۔ نئی زندگی کا آغاز کرنے والے جوڑے کا سفر یوں المیہ میں تبدیل ہوجانے سے چِپّیال گاؤں میں غم کی فضا چھا گئی۔



