تلنگانہ کے میڈی گڈہ بیارج میں 6 نوجوان غرق

حیدرآباد: تمام نوجوانوں کی عمریں 20 سال سے کم تھیں شادی کی خوشی میں شریک یہ نوجوان تفریح کیلئے دریائے گوداوری کے کنارے نہانے گئے تھے لیکن اُن کی یہ خوشی جان لیوا ثابت ہوئی۔ وہ
تمام غرق ہوئے۔یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہفتہ کے روز تلنگانہ کے بھوپال پلی ضلع کے مہادیوپور منڈل کے میڈی گڈہ بیرج کے قریب پیش آیا۔
پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق، مہادیوپور منڈل کے امبت پلی گاؤں کے رہنے والے گولوگونڈہ ملّیا کے گھر دو روز قبل شادی ہوئی تھی۔ ہفتہ کی شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے رشتہ داروں میں سے آٹھ
افراد ایک آٹو رکشہ میں بیٹھ کر میڈی گڈہ پہنچے۔ وہاں نہانے کے لیے ایک نوجوان سب سے پہلے دریا میں اترا۔ جب وہ پانی میں ڈوبنے لگا تو اس کا بھائی اسے بچانے کے لیے آگے بڑھا لیکن وہ خود بھی ڈوب گیا۔ ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں
اسی طرح ایک کے بعد ایک 6 نوجوان اسی مقام پر پانی میں غرق ہوگئے۔ حادثے سے بچ نکلنے والے ایک نوجوان نے یہ تفصیلات بیان کیں۔ متاثرین میں سے چار کا تعلق امبت پلی سے جبکہ دو کا تعلق کورل کنٹہ گاؤں سے تھا۔
پولیس کے مطابق حالیہ مرمت کے کام کے باعث بیرج کے اوپری علاقوں میں گہرے گڑھے بن گئے تھے،جن کی گہرائی تقریباً 12 فٹ تک ہو سکتی ہے۔ علاوہ ازیں گذشتہ دو دنوں سے پرانہیتا ندی کے
بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے گوداوری میں پانی کا بہاؤ بڑھ چکا ہے۔ حادثے کے وقت دریا میں تقریباً 4,500 کیوسک پانی بہہ رہا تھا جس کی وجہ سے لاپتہ نوجوانوں کی تلاش مشکل ہو گئی ہے۔
ریسکیو ٹیموں میں غوطہ خوروں کو طلب کیا گیا ہے اور ریاستی سطح کی آفات سے نمٹنے والی چھ ٹیموں کو بھی تعینات کیا جا رہا ہے۔ وزیر شری شری دھر بابو نے اس المناک واقعے پر شدید رنج و غم کا
اظہار کیا ہے جبکہ کلکٹر راہول شرما اور ایس پی کرن کو فوری طور پر تلاشی مہم میں تیزی لانے کے احکامات دیے ہیں۔