جرائم و حادثات

مرغ پکڑنے کی کوشش میں ایک شخص کی جان چلی گئی۔ تلنگانہ کے پدا پلی میں افسوسناک واقعہ

حیدرآباد ۔ تلنگانہ کے ضلع پداپلی کے سدھی پلی گاؤں میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک 70 سالہ کسان رسم کی ادائیگی کے دوران حادثاتی طور پر زرعی کنویں میں گر کر ہلاک ہو گیا۔ متوفی کی شناخت راجیشم کے طور پر ہوئی ہے جو دھان کی فصل کاٹنے کی تیاری کر رہا تھا۔

 

مقامی روایات کے مطابق فصل کی کٹائی سے قبل گاؤں کے مندر میں مرغ کی بھینٹ چڑھائی جاتی ہے۔ راجیشم اس رسم کو ادا کرنے کے لیے ایک مرغا لے کر مندر پہنچا لیکن جیسے ہی اس نے تھیلے سے مرغا نکالا وہ اچانک بھاگ نکلا اور اس نے قریبی کھلے کنویں میں چھلانگ لگا دی۔ مرغا بچانے کی کوشش میں راجیشم بھی پھسل کر کنویں میں جا گرا۔

 

کافی دیر تک گھر نہ لوٹنے پر ارکان خاندان نے تلاش شروع کی تو انہیں کنویں کے قریب اس کے سامان کے آثار ملے۔ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر راجیشم کی نعش کو کنویں سے نکالا اور ضروری کارروائی انجام دی۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button