تلنگانہ کے آلیر میں خوفناک سڑک حادثہ، تیز رفتار کار کی ٹکر سے دو نوجوان دوست موقع پر ہلاک
تلنگانہ کے آلیر ٹاؤن کے مضافات میں جمعرات کے روز ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں موٹر سائیکل کو تیز رفتار کار کی ٹکر کے نتیجے میں دو نوجوان دوست موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ اس حادثے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق، جنگاؤں وکاس نگر سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ نتن ریڈی اور 27 سالہ محمد ساجد اللہ آلیر سے جنگاؤں کی جانب ٹو وہیلر گاڑی پر جا رہے تھے کہ پیچھے سے آنے والی کِیا کار نے انتہائی تیز رفتاری اور لاپرواہی کے ساتھ موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں نوجوان سڑک پر گر کر شدید زخمی ہوگئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ٹریفک کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔ الیر کے ایس ایچ او یالادری نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے کار ڈرائیور پون کلیان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایس ایچ او کے مطابق، نعشوں کا معائنہ کرنے کے بعد انہیں پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ لواحقین کو حادثے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس مختلف زاویوں سے حادثے کی جانچ کر رہی ہے اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔



