گنیش وسرجن کے بعد آٹو تالاب میں گر پڑا، باپ بیٹا ہلاک۔ حیدرآباد کے مضافات میں واقعہ

حیدرآباد: حیدرآباد کے دندِیگَل پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ گنیش وسرجن (نمرجن) کے لیے جانے والے باپ اور بیٹا تالاب میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔
دندِیگَل کا رہنے والا سری نواس ٹرالی آٹو میں سبزیاں فروخت کر اپنے خاندان کا گزر بسر کر رہا تھا۔ گنیش وسرجن کے لیے مورتی کو لے جانے کے مقصد سے مقامی افراد نے اس کا آٹو کرائے پر حاصل کیا۔ سرینواس اپنے بڑے بیٹے 7 سالہ جان ویسلی کو ساتھ لے گیا۔
جب وہ موتی تالاب میں مورتی وسرجن کر کے آٹو کو واپس موڑرہے تھے تو آٹو اچانک پھسل کر سیدھا تالاب میں جا گرا۔ باپ اور بیٹا دیر تک گھر واپس نہ آئے تو گھر والوں کو شک ہوا۔ وہ تالاب کے قریب گئے اور تلاش شروع کی۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ڈی آر ایف (DRF) کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تین گھنٹے تک ریسکیو آپریشن کیا جس کے بعد باپ اور بیٹے کی نعشیں تالاب سے نکالی گئیں۔
تحقیقات پر معلوم ہوا کہ آٹو کا دروازہ نہ کھلنے کی وجہ سے دونوں پانی میں ڈوب گئے اور سانس رک جانے کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔مقامی افراد نے انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وسرجن کے لیے کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
پولیس نے کیس درج کر کے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے گاندھی ہاسپٹل منتقل کر دیا ہے۔