جرائم و حادثات

بقرعید کی خوشیاں ماتم میں تبدیل – کرنٹ شاک لگنے سے نوجوان جاں بحق : تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں افسوسناک واقعہ

عادل آباد، 24/ مئی(اردو لیکس) بقرعید کی خوشیاں منانے گاؤں لوٹے ایک نوجوان کی برقی کا کرنٹ شاک لگنے سے دردناک موت واقع ہوگئی، جس سے پورا گاؤں غم میں ڈوب گیا۔

 

تفصیٖلات کے مطابق تلنگانہ کے عادل آباد ضلع کے بھیم پور منڈل کے پپل کوٹی گاؤں سے تعلق رکھنے والے شیخ جبراہیم عرف جبو (37) چند روز قبل ہی حیدرآباد سے اپنے افراد خاندان کے ساتھ عیدالاضحیٰ منانے آبائی مقام پہنچے تھے۔

 

ابراہیم رمضان المبارک کے بعد روزگار کی غرض سے حیدرآباد گئے تھے اور بقرعید سے قبل اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ گاؤں واپس آئے تھے۔ انہوں نے عید کی خوشیوں کے پیش نظر اپنے بچوں کے لیے نئے کپڑے خریدے تھے اور شدید گرمی کے سبب ایک ایئر کولر بھی خریدا تھا۔ گھر میں خوشیوں کا ماحول تھا کہ اسی دوران گاؤں کے ایک شخص گدام اشوک کے کہنے پر وہ ایک الیکٹریکل ٹرانسفارمر کے قریب گئے۔

 

بتایا جاتا ہے کہ ٹرانسفارمر پر کام کے دوران اچانک انہیں شدید برقی جھٹکا لگا جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی بے ہوش ہوگئے۔ مقامی افراد نے فوری طور پر انہیں بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سرپنچ دساری رمیش مقامِ حادثہ پر پہنچ گئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے رِمس مردہ خانہ منتقل کردیا۔ سی آئی شراون اور ایس آئی پیر سنگھ کے مطابق متوفی کی اہلیہ افسانہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

 

شیخ جبراہیم گاؤں میں اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور گھریلو برقی کاموں کے لئے معروف تھے۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ، ایک کمسن بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں، جن کی عمریں 13 برس سے کم بتائی جاتی ہیں۔ عیدالاضحیٰ سے عین قبل پیش آئے اس سانحہ نے خاندان کو ناقابلِ بیان صدمہ سے دوچار کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button