اترپردیش کے بارہ بنکی ضلع میں خوفناک حادثہ — دو کاروں میں تصادم کے بعد ایک ہی خاندان کے 5 افراد زندہ جل کر ہلاک

اترپردیش کے بارہ بنکی میں پوروانچل ایکسپریس وے پر جمعرات کی صبح ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زندہ جل کر جاں بحق ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق حیدرگڑھ کے دیہ گاؤں کے قریب تیز رفتار بریزا کار نے سڑک کنارے رکی ہوئی ویگن آر کار کو زور دار ٹکر ماری۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں گاڑیوں میں فوراً آگ بھڑک اٹھی اور کچھ ہی لمحوں میں شعلوں نے پوری کار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ویگن آر کے دروازے لاک ہونے کی وجہ سے اندر موجود لوگ باہر نہیں نکل سکے۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں پھنسے لوگ چیخ کر مدد کے لئے پکارتے رہے، مگر آگ کی شدت اور دھوئیں کے باعث کوئی بھی ان تک پہنچ نہ سکا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد یوپی پولیس کے کانسٹیبل جاوید اشرف کے گھر والے تھے،
جن میں ان کی 49 سالہ اہلیہ گلسِتا پروین عرف چاندنی، 22 سالہ بیٹی سمرین، 10 سالہ المہ، 8 سالہ اسما اور 10 سالہ بیٹا ضیا شامل تھے۔ پانچوں افراد موقع پر ہی زندہ جل کر ہلاک ہو گئے جبکہ گاڑی چلانے والا جاوید کا سالا ذیشان کسی طرح باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔
دوسری کار میں سوار دہلی کے ساؤتھ پوری کے رہنے والے دیپانشو مشرا، دیپتی مشرا، تریپتی مشرا اور پربتی مشرا شدید زخمی ہو گئے جنہیں حالت نازک ہونے پر کے جی ایم یو لکھنؤ منتقل کیا گیا ہے۔ بارہ بنکی کے ضلع مجسٹریٹ ششانک تریپathi اور اے سی ایم او لو گپتا نے حادثے میں پانچ ہلاکتوں کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ویگن آر کچھ دیر کے لئے سڑک کنارے رکی ہوئی تھی اور خاندان پانی وغیرہ پی رہا تھا کہ اسی دوران تیز رفتار بریزا سیدھی آ کر گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں یہ المیہ رونما ہوا۔
حادثے کے بعد ایکسپریس وے پر ٹریفک معطل رہا، جبکہ فائر بریگیڈ نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ دونوں گاڑیوں کو سڑک سے ہٹا دیا گیا ہے اور ہلاک شدگان کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ یہ حادثہ پوروانچل ایکسپریس وے پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کے نتیجے میں پیش آنے والے سب سے ہولناک واقعات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔



