بس ایسیڈ کے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں بڑا حادثہ ٹل گیا

حیدرآباد ۔ایک پرائیویٹ ٹراویلس کی بس نے جمعرات کی صبح ضلع محبوب نگر جڑچرلہ کے قریب ماچارم فلائی اوور پر ہائیڈرو فلورک ایسیڈ لے جانے والے ٹینکر کو ٹکر دے دی جس کے ساتھ ہی مسافرین میں خوف کی لہر دوڑ گئی حکام کے مطابق تمام مسافر محفوظ رہے۔
بس میں تقریباً 40 مسافر سفر کر رہے تھے بس آندھرا پردیش کے چِتّور سے حیدرآباد آ رہی تھی۔ بس نے پیچھے سے ٹینکر کو ٹکر دے دی جس کے نتیجے میں ہائیڈروکلورائیڈ ایسڈ سڑک پر بہہ گیا اور مقام حادثہ پر دھواں پھیل گیا۔ بس ڈرائیور نے جوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً تمام مسافروں کو اتاردیا، بعض مسافرین ایمرجنسی ایگزٹ سے باہر نکل آئے۔ اس حادثہ میں چند افراد کو ہلکی چوٹیں آئیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ حادثہ کے بعد آگ نہیں لگی جس کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔فائر ٹینڈر موقع پر پہنچے اور ملازمین نے صورتحال پر قابو پا لیا۔ حادثہ کے بعد نیشنل ہائی وے 44 پر ٹریفک متاثر ہوئی۔
حکام نے حادثہ کا شکار بس کے مسافروں کو دوسری بس میں حیدرآباد منتقل کر دیا۔



