انسانیت کی اعلیٰ مثال: مسلم ماں اور بیٹے کو بچاتے ہوئے ہندو نوجوان کی جان قربان

آندھرا پردیش کے رائچوٹی ٹاؤن میں بارش اور سیلاب نے ایک ایسا سانحہ برپا کیا جس نے ہر دل کو غمزدہ کر دیا۔ ایس این کالونی میں 6 سالہ معصوم الیاس اچانک برساتی نالے کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔ لختِ جگر کو بچانے کے لئے ماں شیخ مُنی بے خوف و خطر آگے بڑھی مگر تیز بہاؤ کے پانی نے ماں اور بیٹے دونوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اسی دوران قریب میں کھڑا 30 سالہ ہندو نوجوان گنیش یہ منظر دیکھ کر تڑپ اٹھا۔ اس نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر نالے میں چھلانگ لگائی تاکہ ماں اور بیٹے کو بچا سکے، مگر قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ وہ بھی موت کی بے رحم موجوں میں ڈوب گیا۔
ایک مسلمان ماں اور بیٹے کو بچانے کی کوشش میں اپنی جان قربان کرنے والے گنیش کی یہ قربانی انسانیت، محبت اور بھائی چارے کا وہ درخشاں چراغ ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ریسکیو ٹیم نے تینوں کی نعشیں کلیان منڈپم کے قریب سے برآمد کیں۔ یہ دلخراش واقعہ رائچوٹی ہی نہیں بلکہ پورے ضلع میں غم کی لہر دوڑا دیا