مانجہ سے بچنے کی کوشش میں ایک ہی خاندان کے تین افراد 70 فٹ اونچے فلائی اوور سے گر کر جاں بحق
سنکرانتی کے موقع پر افسوسناک سانحہ، ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک
سورت _ سنکرانتی کے دوران ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں پتنگ کے مانجہ سے بچنے کی کوشش میں ایک ہی خاندان کے تین افراد لقمۂ اجل بن گئے۔ یہ حادثہ گجرات کے سورت میں پیش آیا جس سے مقامی سطح پر سنسنی پھیل گئی۔
تفصیلات کے مطابق سورت کے رہنے والے 35 سالہ ریحان رحیم شیخ چہارشنبہ کے روز اپنی اہلیہ ریحانہ اور دس سالہ بیٹی عائشہ کے ساتھ دو پہیہ گاڑی پر باہر جا رہے تھے۔ جیسے ہی وہ چندرشیکھر آزاد فلائی اوور کے قریب پہنچے، اچانک پتنگ کا مانجہ (ڈور) ان کے سامنے آ گیا اور موٹر سائیکل میں الجھ گئی۔ مانجہ کو ہاتھ سے ہٹانے کے دوران توازن بگڑ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور تقریباً 70 فٹ بلند فلائی اوور سے نیچے جا گری۔ وہ نیچے کھڑے ایک آٹو رکشا پر آ کر گرے۔
حادثے میں ریحان اور عائشہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ شدید زخمی ریحانہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ علاج کے دوران جمعرات کی رات دم توڑ گئیں۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں شدید بے چینی پھیل گئی۔
واقعے کے بعد عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پتنگ بازی کے دوران مانجہ کے استعمال میں انتہائی احتیاط برتیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ممنوعہ چینی مانجہ کے استعمال پر سخت کارروائی کی جائے گی۔



