بیٹی سے ملاقات کے لئے حیدرآباد آنے والے شوہر اور بیوی سڑک حادثہ میں ہلاک
حیدرآباد _ تلنگانہ کے سوریاپیٹ سے تعلق رکھنے والے شوہر اور بیوی حیدرآباد میں ایک دلخراش سڑک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تروپتی راؤ اور ان کی اہلیہ وینکٹمّا اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے ملک پیٹ آئے ہوئے تھے، جو موسی رام باغ علاقے میں مقیم ہے۔
بتایا گیا ہے کہ میاں بیوی اسکوٹی پر کسی ذاتی کام سے باہر نکلے تھے کہ موسی رام باغ ہائی ٹیک گارڈن کے قریب تیز رفتار تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی دلسکھ نگر ڈپو سے تعلق رکھنے والی بس نے اسکوٹی کو زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں اسکوٹی سے اچھل کر سڑک پر گر پڑے اور انہیں سنگین چوٹیں آئیں۔
مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، تاہم شدید زخمی ہونے کے باعث تروپتی راؤ اور وینکٹمّا موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے علاقے میں ٹریفک متاثر رہی۔
پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر ڈرائیور سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے اور مقدمہ درج کرکے حادثے کی مکمل جانچ کی جارہی ہے۔



