حیدرآباد میں کار نے دہشت مچا دی

حیدرآباد میں جے این ٹی یو فلائی اوور پر ایک تیز رفتار کار نے دہشت مچا دی۔
اتوار کی صبح تقریباً 7 بجکر 50 منٹ پر رعیتو بازار کے قریب ایک کار فلائی اوور پر چڑھتے ہی بے قابو ہوگئی۔ سب سے پہلے اس نے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، پھر ایک موٹر سائیکل کو زور سے ٹکر مار کر الٹ گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔کار میں دو غیر ملکی نوجوان اور تین لڑکیاں سوار تھیں۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں نوجوان سوڈان کے شہری ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد تینوں لڑکیاں کار سے اتر کر دوسری کیب بُک کرکے وہاں سے روانہ ہو گئیں۔
پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ کار کرایہ پر لی گئی تھی یا کسی نے فراہم کی تھی۔ سوڈانی نوجوان حیدرآباد میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور شمش آباد کے علاقے میں رہائش پذیر ہیں۔ پولیس نے دونوں کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔



