جھارکھنڈ میں بلڈ بینک کی غفلت سے تھلیسیمیا کے معصوم بچوں میں ایچ آئی وی پھیل گیا

جھارکھنڈ میں ایک بلڈ بینک کی سنگین لاپرواہی کے باعث تھلیسیمیا کے 5 معصوم بچوں میں ایچ آئی وی وائرس پھیل گیا، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
.
اطلاعات کے مطابق چائے باسا کے ایک بلڈ بینک میں تھلیسیمیا سے متاثرہ ایک کمسن بچے کو خون چڑھایا گیا۔ کچھ ہی دنوں بعد اس کی طبی حالت بگڑنے پر جب جانچ کرائی گئی تو وہ ایچ آئی وی پازیٹیو نکلا۔ اس انکشاف کے بعد والدین نے ریاستی حکومت سے شکایت درج کروائی۔
واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے فوری طور پر ایک اعلیٰ سطحی میڈیکل کمیٹی تشکیل دی، جس نے ابتدائی تحقیقات میں چونکانے والے انکشافات کیے۔ کمیٹی نے بتایا کہ اسی بلڈ بینک سے خون حاصل کرنے والے مزید چار مریض بھی ایچ آئی وی سے متاثر پائے گئے ہیں۔
ڈاکٹر دنیش کمار کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سرکاری ہاسپٹل کے اسی بلڈ بینک سے تھلیسیمیا کے مریضوں کو آلودہ خون فراہم کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلڈ بینک میں کئی خامیاں پائی گئی ہیں، جنہیں درست کرنے کے لئے حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔



