جرائم و حادثات
حیدرآباد کے شاہ علی بنڈہ میں خوفناک آگ – گومتی الیکٹرانکس شعلوں کی نذر

حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقے شاہ علی بنڈہ میں واقع ’’گومتی الیکٹرانکس‘‘ میں پیر کی رات بڑے پیمانے پر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ دو منزلہ عمارت میں اچانک شعلے بھڑک اٹھے جس کے بعد مقامی لوگوں نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی فائر ڈپارٹمنٹ کی 8 فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ آگ کی شدت دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ بھاری مالیتی نقصان ہوا ہے۔
فائر بریگیڈ کے عملہ کے مطابق شدید گرمی کے باعث دکان میں موجود ریفریجریٹرز کے اندر رکھے سِلنڈرز پھٹ رہے ہیں، تاہم آگ کو قریبی دکانوں تک پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آتشزدگی کی اصل وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل سکا۔



