جرائم و حادثات

حیدرآباد کے مہدی پٹنم بس اسٹینڈ پر آر ٹی سی بس میں آگ، مسافر بال بال بچے

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) شہر حیدراباد کے مصروف ترین علاقے مہدی پٹنم بس اسٹینڈ پر منگل کے روز ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ آر ٹی سی ڈپو کی ایک بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے سنسنی پھیل گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق بس اسٹارٹ نہ ہونے پر ڈرائیور مرمت کر رہا تھا کہ اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث تیز شعلے بھڑک اٹھے۔ لمحوں میں دھواں اور آگ کی لپٹیں اوپر اٹھنے لگیں جس سے اطراف میں کھڑا مجمع خوفزدہ ہوگیا۔

 

ڈرائیور نے نہایت ہوشیاری اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً فائر بریگیڈ کو اطلاع دی اور قریب موجود لوگوں کو دور ہٹایا۔ فائر انجن فوری موقع پر پہنچ گیا اور سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس وقت بس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا ورنہ جانی نقصان بھی ہوسکتا تھا۔

 

مقامی افراد نے کہا کہ بسوں کی باقاعدہ دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے اس طرح کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ آر ٹی سی حکام گاڑیوں کے مینٹیننس پر خاص توجہ دیں تاکہ مسافروں کی جانیں خطرے میں نہ پڑیں۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button