حیدرآباد سے سریکا کولم جانے والی بس کو حادثہ

حیدرآباد ۔ ریاست آندھراپردیش میں حیدرآباد وجے واڑہ ہائی وے پر نندی گاما کے قریب واقع اناساگر میں منگل کی علی الصبح خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق ایک پرائیویٹ ٹراویلس کی بس نے ایک لاری کو ٹکر دے دی جس کے نتیجے میں آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔حادثہ اُس وقت پیش آیا جب نندی گاما کے مضافات میں اناساگر بائی پاس کے قریب بس لاری کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
یہ بس حیدرآباد سے سریکا کولم جا رہی تھی اور اس میں جملہ 20 مسافر سوار تھے۔زخمی ہونے والے مسافروں کا تعلق سریکا کولم اور اوڈیشہ کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس فوراً موقعِ حادثہ پر پہنچی اور زخمیوں کو نندی گاما کے سرکاری اسپتال منتقل کیا
جہاں سے مزید بہتر علاج کے لیے انہیں وجئے واڑہ منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے کرین کی مدد سے بس اور لاری کو ہٹا کر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بحال کر دیا۔



