حیدرآبادی بریانی اور ایرانی چائے بہت لذیذ ۔ مس انڈیا نندنی گپتا

حیدرآباد: مس انڈیا نندنی گپتا نے کہا ہے کہ جب بھی وہ تلنگانہ کے بارے میں بات کرتی ہیں تو انہیں فخر اور خوشی محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے ریاست کی تہذیب، ثقافت اور تیز رفتار ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد آج دنیا کے ترقی یافتہ شہروں میں اپنی جگہ بنا رہا ہے۔
مس انڈیا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد نہ صرف تیز رفتاری سے ترقی کر رہا ہے بلکہ یہاں کے عوام بے پناہ محبت اور خلوص کے ساتھ پیش آتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر حیدرآبادی بریانی اور ایرانی چائے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے کھانے نہایت لذیذ اور دل کو بھا جانے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مس ورلڈ جیسے بین الاقوامی مقابلوں میں شامل ہونے والی ہر لڑکی کسی بڑے مقصد کے تحت حصہ لے رہی ہے، اور یہ عالمی پلیٹ فارم خود کو منوانے کا ایک نادر موقع ہے۔
ادھر مس ورلڈ مقابلے کے لیے حیدرآباد کو خوبصورتی سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور دنیا کے 100 سے زائد ممالک سے آنے والی حسیناؤں کے خیرمقدم کے لیے شمس آباد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔