جوبلی ہلز میں تیز رفتار فیراری کار کی دہشت – بالاکرشنا کے گھر کے قریب خوفناک حادثہ، 5 شدید زخمی
حیدرآباد کے علاقے جوبلی ہلز میں اتوار کی دوپہر اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب اداکار ننداموری بالاکرشنا کی رہائش گاہ کے قریب روڈ نمبر 45 پر ایک تیز رفتار فیراری کار بے قابو ہو کر خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق اسپورٹس کار غیر معمولی رفتار سے جا رہی تھی کہ اچانک ڈرائیور کا کنٹرول چھوٹ گیا اور گاڑی پہلے سڑک کے کنارے نصب برقی کھمبے سے زور دار ٹکرائی، جس کے نتیجے میں کھمبا جزوی طور پر ٹوٹ گیا، بعد ازاں کار مخالف سمت میں جا کر مزید دو گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔ تصادم کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ متاثرہ گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
حادثے میں کم از کم 5 افراد شدید زخمی ہوئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مقامی افراد فوری طور پر مدد کیلئے آگے آئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ٹریفک حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
حادثے کے باعث روڈ نمبر 45 پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس نے کرین کی مدد سے تباہ شدہ گاڑیوں کو سڑک سے ہٹایا اور ٹریفک کو بحال کرنے کی کوشش کی۔ واقعے کے سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ کار کی رفتار اور ڈرائیور کی ممکنہ لاپرواہی کے زاویے سے بھی جانچ کی جا رہی ہے۔



