پتنگ کے مانجہ نے نوجوان کی گردن کاٹ دی، حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں بڑا حادثہ
حیدرآباد _ حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ کيسرا کی ملّیکار جُن نگر کالونی میں پتنگ کے خطرناک مانجہ کی زد میں آکر ایک نوجوان کی گردن کٹ گئی تفصیلات کے مطابق 25 سالہ یشونت ریڈی موٹر سائیکل پر کچھ کام سے جا رہے تھے کہ راستے میں اچانک پتنگ کا مانجا ان کی گردن میں پھنس گیا، جس کے باعث گلے پر گہرا زخم آیا۔
واقعہ کو دیکھنے والے مقامی افراد نے فوری طور پر زخمی نوجوان کو نتھن ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں اس وقت ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بہتر علاج فراہم کرتے ہوئے تقریباً 19 ٹانکے لگائے گئے ہیں۔
علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ کیسرا میں بعض دکاندار خفیہ طور پر ممنوعہ مانجا فروخت کر رہے ہیں، جس کے سبب سڑکوں پر آنے جانے والوں کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔ عوام نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر کیسرا سرکل انسپکٹر آر کے پلی انجنیاولو نے واضح کیا کہ اگر کوئی بھی شخص غیر قانونی طور پر ممنوعہ مانجا فروخت کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
متاثرہ کے والد سدھاکر ریڈی کی شکایت پر کیس درج کر لیا گیا ہے اور کیسرا پولیس واقعہ کی مکمل جانچ میں مصروف ہے۔



