حیدرآباد کے قریب میڑچل میں ایک مکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شخص ہلاک – تین زخمی

تلنگانہ کے میڑچل ٹاؤن کے مصروف علاقے میں پیر کی رات ایک زوردار گیس سلنڈر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک عمارت منہدم ہوگئی۔ دھماکے کے اثر سے تین دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، جبکہ عمارت کے ملبے کی زد میں آکر سڑک سے گزرنے والا ایک نامعلوم شخص شدید زخمی ہوا اور ہاسپٹل لے جاتے وقت دم توڑ گیا۔
حادثہ رات تقریباً 9:30 بجے میڑچل کے مارکٹ روڈ چوراہے کے قریب پیش آیا۔ پولیس اور مقامی افراد کے مطابق دھماکہ ایک پرانے مکان میں ہوا جہاں روڈ کے رخ پر دو پھولوں کی دکانیں اور ایک موبائل شاپ موجود تھی۔ مکان کے پچھلے حصے میں رہائشی حصہ تھا جہاں 55 سالہ خاتون "تروپتاماں” مقیم تھیں۔
گیس سلنڈر زور دار آواز کے ساتھ پھٹ پڑا، جس سے عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا۔ ملبے کی زد میں آ کر راہ گیر ایک 40 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔ تروپتاماں جھلس گئیں اور اُنہیں شدید زخم آئے۔
اس کے علاوہ اسٹیشنری دکان میں کام کرنے والے 29 سالہ رفیق کے ہاتھ پر دیوار کا ٹکڑا گرنے سے اس کا ہاتھ ٹوٹ گیا، جبکہ موبائل شاپ میں کام کرنے والا 25 سالہ دنیش بھی زخمی ہوا۔ خوش قسمتی سے اسی وقت عمارت کے سامنے سے ایک بورویل گاڑی گزر رہی تھی، جس نے کچھ حد تک ملبہ روک دیا، جس سے مزید جانی نقصان ٹل گیا۔
واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ متعدد دکانیں بند ہو چکی تھیں جبکہ باقی دکاندار فوری طور پر شٹر بند کر کے فرار ہو گئے۔ کچھ دیر بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ زخمیوں کو قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس نے سی آئی ستیہ نارائنا کی قیادت میں تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔